تعلیمی اداروں کو بند نہ رکھنے پرمہربند کرنے کا انتباہ

   

خلاف ورزی کرنے والے اسکولوںکیخلاف سخت کارروائی کا انتباہ : سبیتااندرا ریڈی

حیدرآباد۔16مارچ(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کے احکام کی خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ریاستی وزیر تعلیم مسز پی سبیتا اندرا ریڈی نے محکمہ تعلیم کے تمام عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جن تعلیمی اداروں کی جانب سے کورونا وائرس سے احتیاط کے باعث تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے اور وہ اس کے باوجودتعلیمی اداروں کو چلارہے ہیں ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ۔ صبح کی اولین ساعتوں میںشہریوں نے ریاستی وزیر مسٹر کے ٹی راما راؤ کو ٹوئیٹ کرتے ہوئے اس بات سے واقف کروایا کہ ان کے بچوں کے اسکولوں کو تعطیل نہیں دی گئی ہے جس پرمسٹر کے ٹی راما راؤ نے فوری وزیر تعلیم اور محکمہ پولیس کو ان تعلیمی ادارو ںکے خلاف کاروائی کرنے کے احکام جاری کئے ۔بعد ازاں سبیتا اندرا ریڈی نے بھی محکمہ کے عہدیداروں سے رابطہ کرکے ان تعلیمی اداروں کیخلاف کاروائی کی ہدایت دی جو سرکاری احکام کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چلائے جا رہے ہیں۔ انہوںنے تلنگانہ کے تمام عہدیداروں کو احکام جاری کئے کہ وہ جس کسی تعلیمی ادارہ کے خلاف شکایات موصول ہورہی ہیں ان پر کاروائی کو یقینی بنائیں۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ شہر کے نواحی علاقو ںمیں چلائے جانے والے کئی اسکولوں میں سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسکول جاری رکھنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں اور بعض اسکول انتظامیہ کی جانب سے اسکول میں طلبہ کو تعطیل دیتے ہوئے تدریسی و غیر تدریسی عملہ کو حسب معمول اسکول پہنچنے کی تاکید کئے جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ وزیر نے محکمہ تعلیم کے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ مکمل طور پر اسکولوںکو مقفل رکھنے کے اقدامات کریں اور جن اسکولوں کی جانب سے ان احکامات کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے انہیں مہربند کردیا جائے اور ان کے مستقبل کے متعلق ریاستی حکومت قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی۔ ریاست میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکام کے مطابق شہر حیدرآباد کے علاوہ تمام اضلاع میں تعلیمی ادارو ںکو مکمل بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ایس ایس سی و انٹر بورڈ کے امتحانات کو شیڈول کے مطابق منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کے امتحانات متاثر نہ ہوں اور امتحانات کے دوران طلبہ ایک دوسرے سے کافی دور ہوتے ہیں اسی لئے ان امتحانات کو رعایت دی گئی ہے ۔