تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں توسیع کا ہنوز فیصلہ نہیں

   

۔ /30 جنوری کو محکمہ تعلیم کے اجلاس میں قطعی فیصلہ : سبیتااندرا ریڈی
حیدرآباد : /25 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ اسکولس و دیگر تعلیمی اداروں کی کشادگی کے معاملے میں ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔ ریاست میں کورونا کے کیس میں اضافہ کے پیش نظر محکمہ تعلیم کی جانب سے مزید ایک ہفتہ تعطیلات میں توسیع کرنے اور /5 فبروری سے تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل میں لانے کی حکومت کو رپورٹ پیش کرنے کی قیاس آرائیاں جاری ہے ۔ جس پر ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی سے ربط پیدا کرتے ہوئے وضاحت طلب کی گئی جس پر انہوں نے بتایا کہ تاحال تعلیمی اداروں کی کشادگی اور تعطیلات میں توسیع دینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔ ریاست میں /30 جنوری تک سوائے میڈیکل کالجس کے تمام تعلیمی اداروں کو تعطیلات دی گئی ہیں ۔ /30 جنوری کو محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں کا ایک اہم اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد ہی قطعی فیصلہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال آٹھویں جماعت سے طلبہ کو آن لائن میں تعلیم دی جارہی ہے ۔ ریاست میں کورونا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت نے /8 تا /16 جنوری تعطیلات کا اعلان کیا تھا ۔ کیسیس میں کمی نا ہونے پر تعطیلات کو /30 جنوری تک توسیع دی گئی تھی اور /24 جنوری سے آٹھویں جماعت سے آن لائن تعلیم کا آغاز کیا گیا ۔ تعلیمی اداروں کی تعطیلات اور ان میں توسیع سے متعلق طلباء اور سرپرستوں میں تجسس پایا جارہا ہے ۔ ن