تعلیمی اداروں کی کشادگی پہلے ہی دن سے طلبہ کو بس پاسیس کی اجرائی

   

گریٹر حیدرآباد آر ٹی سی زون میں 5 لاکھ پاسیس ، موبائیل کاونٹرس کے انتظامات پر بھی غور
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت کی جانب سے یکم ستمبر سے تمام تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل میں لانے کا فیصلہ کرنے کے بعد آر ٹی سی کے عہدیداروں نے پہلے دن سے ہی طلبہ کو بس جاری کرنے کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ اس سلسلہ میں گریٹر زون حیدرآباد میں آر ٹی سی کے عہدیداروں کا ایک اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں آر ٹی سی گریٹر حیدرآباد کے زون میں طلبہ کو بس پاسوں کی اجرائی کا جائزہ لیا گیا ۔ متعلقہ عہدیداروں نے اعلیٰ عہدیداروں کو بتایا کہ گریٹر حیدرآباد آر ٹی سی زون میں طلبہ کے لیے 5 لاکھ پاس جاری کئے جاتے ہیں جیسے ہی تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل میں آئے گی ۔ پہلے ہی دن سے طلبہ کے پاسیس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ طلبہ کو آن لائن میں درخواستوں کے ادخال کے فوری بعد پاسیس کی اجرائی کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ گریٹر حیدرآباد آر ٹی سی زون کے ای ڈی وینکٹیشورلو نے کہا کہ طلبہ کو سہولتیں فراہم کرنے کے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ضرورت پڑنے پر طلبہ کو بس پاسیس کی اجرائی کے لیے موبائل کاونٹرس کے بھی انتظامات کئے جائیں گے ۔ اس کے لیے بھی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ ہر حال میں طلبہ کو تمام سہولتیں فراہم کرنے کی ممکنہ کوشش کی جارہی ہے ۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار نے ریاست بھر میں طلبہ کو پاسیس کی اجرائی کے لیے ضروری انتظامات کرنے کی آر ٹی سی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے جس کے بعد اضلاع سطح پر آر ٹی سی عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے پاسیس کی اجرائی کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔۔ N