تعلیمی اداروں کی کشادگی کیلئے محکمہ صحت کا مشورہ

   

Ferty9 Clinic

ریاست میں کورونا کیسوں میں کمی آرہی ہے۔ فوری تیسری لہر کا امکان نہیں
حیدرآباد 12 اگسٹ (سیاست نیوز) محکمہ صحت نے اسکولس اور کالجس کی باقاعدہ کلاسیس شروع کرنے کا محکمہ تعلیم کو مشورہ دیا ہے۔ ریاست میں کورونا کے کیس کم ہوگئے ہیں۔ کورونا کی تیسری لہر فوری شروع ہونے کے امکانات نہیں ہے۔ لہذا ریاست میں کورونا کے رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کرکے تعلیمی اداروں کو کھولنے پر زور دیا گیا ہے۔ ریاست میں سنیما تھیٹرس کھول دیئے گئے۔ پارکس کھول دیئے گئے ہیں۔ سیاسی قائدین پدیاترا کررہے ہیں جلسے و جلوس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ان تمام اُمور کا جائزہ لینے کے بعد اسکولس اور کالجس کو کھولنے کا محکمہ تعلیم کو مشورہ دیا گیا ہے۔ گزشتہ دیڑھ دو سال سے اسکولس اور کالجس بند رہنے سے بچوں کے ذہنوں پر اس کا گہرا اثر پڑرہا ہے۔ طلبہ کے مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے اسکولس و کالجس کھولنے کی منظوری دی گئی ہے۔ ملک کی کئی ریاستوں میں 15 اگسٹ کے بعد تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے چند ریاستیں تعلیمی اداروں کو کھولنے کے معاملے میں سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہیں۔ والدین کی جانب سے بھی احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں 9 ویں اور دسویں جماعتوں کی باقاعدہ کلاسیس شروع کرنے ماباقی کلاسیس آن لائن میں چلانے پر بھی زور دیا جارہا ہے۔ حکومت کی جانب سے طلبہ کے قیمتی تعلیمی سال کو بچانے کے لئے دوردرشن، ٹی شاٹ کے ذریعہ آن لائن کلاسیس چلائی جارہی ہیں مگر بیشتر طلبہ کیلئے یہ سودمند ثابت نہیں ہورہا ہے۔ خانگی اسکولس کی جانب سے ورچول طرز پر آن لائن کلاسیس کا اہتمام کررہے ہیں مگر اس سے بھی طلبہ کو زیادہ فائدہ نہیں ہورہا ہے۔ تعلیمی اداروں کی کشادگی کے معاملے میں محکمہ تعلیم کی جانب سے عنقریب کوئی فیصلہ کرنے کا قوی امکان ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے چند تجاویز پیش کی گئی ہیں جس کا محکمہ تعلیم کی جانب سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ اگر طلبہ زکام، کھانسی اور بخار کا شکار ہے تو انھیں تعلیمی اداروں میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔ طلبہ کو دوری پر بٹھانے، ضرورت پڑنے پر یومیہ دو بیاچس کیلئے علیحدہ کلاسیس کا اہتمام کیا جائے۔ یا ایک دن کے وقفہ سے ایک بیاچ کی کلاسیس کا انعقاد کریں۔ طلبہ اور اساتذہ کیلئے لازمی طور پر ماسک لگانے کو یقینی بنایا جائے۔