محبوبیہ اسکول کا معائنہ ‘ وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی کا تاثر
حیدرآباد ۔ 28 اگست (سیاست نیوز) ریاستی وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی کشادگی کیلئے یہی صحیح وقت ہے۔ طلبہ کے مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے تمام زاویوں اور پہلوؤں سے غوروفکر کرنے کے بعد چیف منسٹر کے سی آر نے کے جی تا پی جی تک تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی وزیرتعلیم سبیتا اندراریڈی نے آج بشیرباغ، گن فاونڈری ڈیویژن میں واقع محبوبیہ گلز اسکول کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سید عمر جلیل، کمشنر اسکولی تعلیمات دیوسنیا بھی موجود تھی۔ ریاستی وزیرتعلیم نے اسکولس کی کشادگی کیلئے تیاریوں کا جائزہ لیا اور اسکول کے طلبہ اور ٹیچرس کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ 26 اگست سے تمام ٹیچرس کو روزانہ اسکولس طلب کیا جارہا ہے۔ ساتھ ہی یکم ؍ ستمبر سے قبل تمام اسکولس میں صاف صفائی کے اقدامات کرنے کے علاوہ تمام بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ وہ خود کئی اسکولس کا دورہ کرتے ہوئے تیاریوں کا جائزہ لے رہی ہیں۔ ریاست کے تمام اسکولس میں جنگی خطوط پر صاف صفائی کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور کوویڈ۔19 کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تمام مقامات پر عوامی منتخب نمائندوں کا اسکولس کو مکمل تعاون حاصل ہے۔ وزیرتعلیم نے اس جذبہ کے ساتھ آگے بڑھنے کا ہیڈ ماسٹرس اور ٹیچرس کو مشورہ دیا۔ سبیتا اندرا ریڈی نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے تمام وزراء، ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ، ضلع پریشد، صدرنشین اور دوسرے عوامی منتخب نمائندوں کو اسکولس کی ترقی میں حصہ دار ایم پی ٹی سی، ارکان، منڈل سطح پر ایم پی پی، زیڈ پی ٹی سی ارکان اور میونسپلٹیز میں صدرنشین، کونسلرس، کارپوریشنس، میئرس، کارپوریٹرس کو اسکولس کا معائنہ کرنے کا مشورہ دیا۔ N