تعلیمی اداروں کی گرمائی تعطیلات میں ایک ہفتہ کی توسیع

   

حیدرآباد : تلنگانہ حکومت نے گرمائی تعطیلات میں مزید ایک ہفتہ کی توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 20 جون تک گرمائی تعطیلات میں توسیع کرتے ہوئے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ریاست میں 21 جون سے تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل میں آئے گی۔ ریاست میں یکم ؍ جولائی سے آن لائن کلاسیس کا آغاز کیا جارہا ہے۔ واضح رہیکہ تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے آئندہ ایک ہفتہ میں انٹرمیڈیٹ سکنڈایئر کے نتائج کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کورونا وبا کے پیش نظر تلنگانہ حکومت نے جاریہ سال دسویں جماعت، انٹرفرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر کے امتحانات کو منسوخ کردیا تھا۔ انٹر فرسٹ ایئر میں داخلوں کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ سیکنڈ ایئر کے طلبہ کو انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر کے مارکس دینے کا اشارہ دیا ہے۔ اس سلسلہ میں وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی کی جانب سے عہدیداروں کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو طلبہ کو کامیاب کرنے کے طریقہ کار کو وضع کرے گی ۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سید عمر جلیل نے بتایا کہ یکم ؍ جولائی سے انٹرسیکنڈ ایئر اور داخلوں کے عمل کی تکمیل کے بعد 15 جولائی سے انٹرفرسٹ ایئر کی آن لائن کلاسیس کا آغاز کیا جارہا ہے۔