تعلیمی اداروں کے 100 میٹر کے دائرے میںتمباکو کی فروخت پر پابندی ہوگی:حکومت دہلی

   

نئی دہلی ، 9 جولائی (یو این آئی ) دہلی کے سماجی بہبود کے وزیر رویندر اندراج سنگھ نے تعلیمی اداروں کے 100 میٹر کے دائرے میں تمباکو کی مصنوعات کی فروخت پر پابندی لگانے کی ہدایات دی ہیں۔رویندر اندراج نے چہارشنبہ کے روز مشرقی دہلی کے ضلع مجسٹریٹ، پولس، صحت، تعلیم، خواتین اور بچوں کی ترقی، محکمے سماجی بہبود کے افسران اور اس شعبے میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ منشیات کے خاتمے کی مہم کی پیش رفت کے سلسلے میں جائزہ میٹنگ کی اور تعلیمی اداروں کے 100 میٹر کے اندر تمباکو کی مصنوعات کی فروخت پر پابندی لگانے کی ہدایات دیں۔انہوں نے منشیات کے استعمال پر قابو پانے کے لیے منتخب مقامات، پارکوں اور بیت الخلاء کی نگرانی کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے میڈیکل اسٹور اور دیگر مقامات پر ایسی اشیاء کی فروخت میں احتیاط کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایات دیں ۔سماجی بہبود کے وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات کے چنگل سے بچانے کے لیے اقدامات اور کوششوں پر زیادہ زور دینے کی ضرورت ہے ۔ تعلیمی اداروں کے 100 میٹر کے اندر تمباکو کی مصنوعات کی فروخت پر پابندی اس سمت میں اہم قدم ثابت ہو گا۔ پولس اور تعلیمی ادارے عوامی تعاون سے اس پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔اندراج نے کہا کہ انہوں نے دہلی کی تمام بڑی یونیورسٹیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے کیمپس میں ‘ نشہ مکتی کلب’ بنائیں اور کیمپس کو منشیات سے پاک کریں۔