تعلیمی سرگرمیوں میں 20 اکٹوبر سے ریکارڈ اضافہ کا امکان

   

طلبہ کے نقصان کی پابجائی کے لیے خانگی اسکولوں کی منصوبہ بندی ، آن لائن کلاسیس کی برقراری بھی متوقع
حیدرآباد۔18اکٹوبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں 20 اکٹوبر سے بیشتر خانگی اسکولوں نے باضابطہ کشادگی کا فیصلہ کیا ہے اور میلاد النبی ﷺ کی تعطیل کے بعد بیشتر خانگی اسکولوں میں باضابطہ تعلیم کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی تحدیدات کی برخواستگی کے بعد اسکولوں میں باضابطہ تعلیم کے آغاز کے ساتھ ہی طویل تعطیلات کا آغاز کردیا گیا تھا اسی لئے کئی اسکولوں میں دسویں جماعت کے علاوہ دیگر جماعتوں کے طلبہ کے لئے باضابطہ تعلیم کا سلسلہ شروع نہیں کیا گیا تھا اور ان کی آن لائن کلاسس کا سلسلہ جاری رہا لیکن اب 20 اکٹوبر سے ریاست بالخصوص شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں بیشتر اسکولوں میں باضابطہ کلاسس کا آغاز کرنے کے اقدامات کئے جاچکے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ سرکردہ اسکولوں کے ذمہ داروں نے فیصلہ کیا ہے کہ باضابطہ کلاسس کے ساتھ ساتھ طلبہ کو آن لائن کلاسس کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ جو طلبہ اپنے بچوں کو اسکول روانہ کرنے میں جھجھک رہے ہیںانہیں آن لائن تعلیم کی سہولت جاری رہے۔ اس کے علاوہ بعض اسکولو ںمیں ہفتہ میں تین یوم کلاسس کے اہتمام کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ مابقی ایام میں آن لائن کلاسس کی سہولت جاری رکھی جا رہی ہے۔ دونوں شہروں میں کئی اہم اقلیتی ادارہ جات کی جانب سے طلبہ کی سہولت کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان اسکولو ںمیں طویل مدتی آن لائن کلاسس کے علاوہ طلبہ کے معیار تعلیم کی جانچ کیلئے ان کے آن لائن اور ہفتہ واری اسکول میں امتحانات منعقد کرتے ہوئے ان کیلئے نصاب تیار کیا جا رہاہے تاکہ گذشتہ دیڑھ برس کے دوران ہونے والے تعلیمی نقصان کی پابجائی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے اسکولوں کی کشادگی کے فیصلہ کے بعد جن اسکولوں نے اب تک باضابطہ تعلیم کا آغاز نہیں کیا ہے ان اسکولوں کی جانب سے 20 اکٹوبر سے تعلیمی سرگرمیوں کو شروع کیا جانے والا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اسکولوں کے آغاز کے اندرون چند یوم اسکولوں کو طویل تعطیلات کے پیش نظر اسکول انتظامیہ کی جانب سے 20 اکٹوبر سے اسکولوں کی کشادگی کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اس فیصلہ کے تحت شہر کے اسکولوں میں آئندہ دو یوم کے دوران تعلیمی سرگرمیوں میں اضافہ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ اسکولوں میں تمام کلاسس کیلئے خصوصی انتظامات کے علاوہ ان کی تعلیمی صورتحال کی جانچ کے اقدامات کئے جا رہے ہیںتاکہ وہ دوسروں سے مسابقت کرپائیں۔م