تعلیمی معیار اور سہولیات کی فراہمی کا جائزہ، کلکٹر کا دورہ

   

ضلع سنگاریڈی میں پرائمری اسکول، آنگن واڑی مرکز کا معائنہ، طلبہ سے بات چیت
سنگاریڈی۔ 31 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میں تعلیمی اور بچوں کی فلاحی خدمات کے نفاذ کے جائزے کے سلسلے میں ضلع کلکٹر پراوینیا نے سنگا ریڈی کے کونڈا پور منڈل کے گنٹاپلی موضع کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پرائمری اسکول اور آنگن واڑی مرکز کا معائنہ کرتے ہوئے سہولیات اور خدمات کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا سب سے پہلے کلکٹر نے پرائمری اسکول کا دورہ کیا اور کلاس رومز کی حالت، صفائی، بیت الخلاء ، پینے کے پانی کی سہولت، بجلی کی فراہمی، اسکول کے ماحول اور کمپاؤنڈ وال سمیت بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طلبہ کو فراہم کیے جانے والے مڈ ڈے میل کا بھی خود معائنہ کیا اور طلبہ سے بات چیت کرتے ہوئے کھانے کے معیار کے بارے میں دریافت کیا۔ طلبہ کی جانب سے اطمینان کا اظہار کرنے پر کلکٹر نے خوشی ظاہر کی اور اساتذہ و عملے کو ہدایت دی کہ مینو کے مطابق معیاری خوراک فراہم کی جائے۔اس موقع پر کلکٹر نے کہا کہ حکومت تعلیمی شعبے کی ترقی کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں اور ہر طالب علم کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں۔بعد ازاں کلکٹر نے آنگن واڑی مرکز کا دورہ کیا اور وہاں کے کچن، صفائی اور بچوں کو فراہم کی جانے والی غذا کا جائزہ لیا۔ انہوں نے معلوم کیا کہ آیا بچوں کو انڈے اور دیگر غذائیت سے بھرپور غذا فراہم کی جا رہی ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے غذائیت انتہائی ضروری ہے اور حکومت کے مقررہ معیار کے مطابق مناسب مقدار میں خوراک فراہم کی جائے۔ انہوں نے بچوں کی صحت پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت دی۔گرمی کی شدت کے پیش نظر کلکٹر نے ہدایت دی کہ بچوں کے لیے پینے کے پانی اور ٹھنڈے ماحول کا مناسب انتظام کیا جائے۔اس کے بعد کلکٹر نے اندرامّا ہاؤسنگ اسکیم کے تحت تعمیر شدہ مکانات کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ مکانات کے افتتاح کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جائیں۔بعد ازاں انہوں نے مونن انڈسٹری کا بھی دورہ کیا اور وہاں نافذ سکیورٹی اقدامات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے انتظامیہ کی ستائش کی۔