ڈگری۔ پی جی کورسیس میں عمل آوری، یو جی سی نے مسودہ رہنمایانہ خطوط جاری کیا
حیدرآباد ۔ 7 ڈسمبر (سیاست نیوز) امریکہ جیسے مغربی ممالک کی طرح اب سے ہمارے ملک میں طلبہ ہر سال پی جی اور ڈگری کورسیس میں دو مرتبہ داخلہ لے سکتے ہیں۔ یو جی سی نے اس سلسلہ میں قوانین کو تبدیل کرنے کیلئے رہنمایانہ خطوط کا مسودہ جاری کردیا۔ یہ تبدیلیاں حال ہی میں قومی نئی تعلیمی پالیسی (NEP2020) نفاذ کے حصے کے طور پر کی گئی۔ اس مسودے پر اعتراضات اور تجاویز 23 ڈسمبر سے قبل بھیجی جاسکتی ہیں جس کے بعد یو جی سی گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔ نئے رہنمایانہ خطوط تمام کورسیس کیلئے لاگو ہوں گے۔ تاہم آل انڈیا کونسل آف ٹیکنیکل ایجوکیشن (AICTE) انجینئرنگ مینجمنٹ جیسے کورسیس کیلئے معمولی تبدیلیوں کے ساتھ نصاب جاری کرتا ہے لیکن کیا ریاستی حکومت اور یونیورسٹیاں ان نئے قواعد پر عمل کریں گی یا نہیں اس کیلئے انتظار کرنا پڑے گا۔ اس وقت ملک میں ڈگری اور پی جی کورسیس میں داخلہ ایک تعلیمی سال میں صرف ایک بار ممکن ہے۔ اگر نیا نظام نافذ ہوجاتا ہے تو ہر سال جولائی، اگست اور جنوری، فبروری میں طلبہ ڈگری اور پی جی کورسیس میں داخلہ لے سکتے ہیں۔ سپلیمنٹری میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو ایک سال تک انتظار کرنے کے بجائے جنوری، فبروری میں ہی متذکرہ کورسیس میںداخلہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ ساتھ ہی طلبہ بیک وقت دو ڈگری یا دو پی جی کورسیس میں بھی داخلہ لے سکتے ہیں۔2