نظام آباد میں مدارس کشادگی کے پہلے دن ترانہ میں کلکٹر کی شرکت ، کوویڈ قواعد پر سختی سے عمل کی ہدایت
نظام آباد :مدارس کی کشادگی کے پہلے روز ضلع کلکٹر مسٹر نارائن ریڈی ڈچپلی منڈل کے دھرما رام ، ضلع پریشد ہائی اسکول پریر میں شرکت کی اور اس موقع پر طلباء کو کورونا کے قواعد کے بارے میں واقف کرواتے ہوئے کہاکہ دوپہر کا کھانا کھاتے وقت اور پانی پیتے وقت ہی ماسک نکالیں، باقی اوقات میں چہر ے پر ماسک لگا کر رکھیں اور گھر جانے کے بعد ہاتھ دھونے کے بعد ہی دوسرے کام کریں اور سماجی دوری کو برقرار رکھتے ہوئے ہر دن ماسک کی صفائی کریں اور اسکول کے اوقات میں احتیاطی تدابیر کو اختیار کریں ۔ ضلع کلکٹر مسٹر نارائن ریڈی نے ہیڈ ماسٹرس کو بھی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جس طلباء کے پاس ماسک نہیں ہے انہیں پرائمری ہیلت سنٹر سے ماسک لا کر فراہم کریں اور کلاس رومس میں بھی سماجی دوری کو برقرار رکھتے ہوئے ایک جگہ پر طلباء کو جمع ہونے نہ دیں ۔ فزیکل کلاس آغاز ہورہے ہیں لہذا طلباء محنت اور دلچسپی کے ساتھ پڑھیں اور اساتذہ کی جانب سے کئے گئے درس کو دلچسپی کے ساتھ سنیں محنت اور لگن کے ساتھ پڑھنے کی صورت میں ہی آگے بڑھنے کے امکانات ہیں ۔ دیڑھ سال سے کلاسس نہ ہونے کی وجہ سے نقصان ہوا ہے اور نقصان کی بھر پائی کیلئے کوشش کریں ورنہ مستقبل میں مشکلات پیش آئے گی ۔ ضلع کلکٹر نارائن ریڈی نے اسکول میں باورچی خانہ ، بیت الخلاء ، کلاس روم کا تفصیلی طور پر جائزہ لیا اور دوپہر کے پکوان کا بھی جائزہ لیا ۔اسکول کے احاطہ میں شجرکاری نہ کئے جانے پر ہیڈ ماسٹرس کو ہدایت دیتے ہوئے شجرکاری کرنے کی ہدایت دی اور اسکول میں سینٹائزر ، تھرمل اسکرین کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ اس موقع پر ٹرینی کلکٹر مکرند ، ہیڈ ماسٹر اوشا شری ، سرپنچ ممتا ، تحصیلدار سرینواس رائو ، ایم پی ڈی او سریندر کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے ۔
