تعلیم سے ہی تبدیلی ممکن، تقاریب میں اسراف ترقی میں رکاوٹ

   

ورنگل میں شاہین جونیر کالج کا افتتاح، ڈاکٹر عبدالقدیر اور دیگر کا خطاب
ورنگل ۔/20فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)رکن اسمبلی ورنگل ویسٹ نائنی راجند ریڈی نے کہاکہ لڑکی ہویا لڑکا تعلیم سب کے لئے انتہائی ضروری ہے ۔تعلیم سے ہی بہتر مستقبل ہے تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے ۔انہوںنے کہاکہ طلباء و طالبات اپنے تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے لئے سنجیدہ ہوجائیں اور اپنے مقصد کے حصول کے لئے سخت محنت و مشقت کے ساتھ جدوجہد کریں ۔کامیابی ان ہی لوگوں کے حصہ میں آتی ہے جو عز م مصمم اور سخت محنت و مشقت سے اپنے مقصد کے حصول کے لئے جدوجہد کرتے ہیں ۔ ایم ایل اے راجندر ریڈی نے ملگ روڈ ہنمکنڈہ میں نو قائم کردہ ’ شاہین جونیر کالج ‘ کا بہ حیثیت مہمان خصوصی افتتاح انجام دینے کے بعد اپنے مخاطب میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اعزازی مہمان وائس چانسلر کاکتیہ یونیورسٹی تاٹکنڈہ رمیش نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ طلباء اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کریںاور احساس کمتری سے باہر نکلیں اور مقصد کے حصول کے لئے جدوجہد کریں ۔ اس موقع پر اعزازی مہمان ڈاکٹر عبدالقدیر فائونڈر اینڈ چیرمین شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنس نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کے ذریعہ ہی تبدیلی آسکتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ وہ سماج ترقی نہیں کرسکتا جو شادیوں میں غیر ضروری خرچہ کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ موجودہ حالات میں نفرت کو ختم کرنے کی ضرورت ہے اور گنگا جمنی تہذیب کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔بھائی چارگی کی ضرورت ہے ۔انہوںنے اس بات کا اعلان کیا کہ یہاں یتیم اور غریب طلباء کے لئے نصف فیس ہی لی جائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ اس کالج میں فی الحال سال اول کا اہتمام کیا گیا ہے ۔بی پی سی ،ایم پی سی ،سی ای سی اور دیگر کورسیس شامل ہیں ۔ڈاکٹر ریاض نے بھی مخاطب کیا ۔ڈائرکٹر کالج ہذا محمد سردار نے افتتاحی کلمات پیش کئے ۔اس موقع پر ڈاکٹر انیس احمد صدیقی ،محمد سلیم ، محمد سراج احمد ،محمد کلیم سبحان ،محمد عبدالکلیم ، صفدر بابا ،محمد محبوب علی ،محمد رئوف خان عارف ،مرزا چشتی حسن ،محمد نجیب اقبال ،خیر الناصرین ،محمد محمود علی کے علاوہ کالج انتظامیہ ،اسٹاف اور طلباء اور اولیائے طلباء شریک تھے ۔