سوپول: اسلام نے تعلیم پر کافی زور دیا ہے ، اللہ کے نبی ؐنے حصول علم کو مسلمانوں کا بنیادی فریضہ قرار دیا ہے اور علم نافع کے حصول کیلئے خصوصی دعا فرمائی ۔ان خیالات کا اظہار امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے مہدی پور بازار سوپول کے ایک بڑے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ تعلیم کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے ، لیکن ہمیں محض تعلیم کی نہیں بلکہ تعلیم میں ایکسلینس پیدا کرنے کی ضرورت ہے ، تعلیم میں ایکسلینس پیدا کرنے والے اداروں کو قائم کرنے کی ضرورت اور قائم شدہ اداروں کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ۔انہوں شرکاء اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم لوگ اللہ کی رضا کیلئیاپنے حصے کام کریں ۔ برائیوں سے بچیں اور سماج کو بھی برائیوں سے بچائیں۔مفتی سہراب عالم ندوی نائب ناظم امارت شرعیہ نے قومی یکجہتی پر گفتگو کی اور مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ جذبات میں کوئی کام نہ کریں بلکہ ہمیشہ ہوش و حواس کے ساتھ کام کریں، انہوں نے سماج میں ہونے والے جرائم کی نشاندہی کی اور اس پر شکنجہ کسنے کیلئے متحدہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی تاکید کی۔