تعلیم میں کمزور طلبہ پر خصوصی توجہ دی جائے

   

اساتذہ کو کلکٹر کی ہدایت، زیڈ پی ہائی اسکول کا معائنہ
میدک /16فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )ضلع کلکٹر راہول راج نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ امتحانات میں بہترین نشانات حاصل کریں۔ وہ میدک کے نواح میں حویلی گھن پور کے بورگ پلی کے ZP ہائی اسکول کے اچانک معائنہ کے دوران طلبہ سے مخاطب تھے۔ انہوں نے اسکول کی جماعتوں، کچن اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا اور طلبہ سے سوالات کرتے ہوئے ان کی تعلیمی صورتحال کو جانچا۔ اس موقع پر انہوں نے ریاضی، سائنس اور انگریزی کے اسباق پڑھائے اور طلبہ کے شبہات دور کیے۔کلکٹر نے جماعت میں طلبہ سے سبق پڑھوایا اور دسویں جماعت کے طلبہ سے دریافت کیا کہ آیا وہ امتحانات کے لیے ریویژن کر رہے ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ امتحان سے قبل تین سے چار مرتبہ مضامین کا اعادہ کریں اور تعلیمی کمزوری کے شکار طلبہ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ سننے، بولنے، پڑھنے اور لکھنے (L.S.R.W) کی مہارتوں میں مہارت حاصل کریں۔کلکٹر نے والدین اور اساتذہ سے کہا کہ وہ امتحانات میں طلبہ کی مدد کریں۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ امتحانات کے دوران ٹی وی، موبائل فون اور سوشل میڈیا سے دور رہیں اور دسویں جماعت کے بعد انٹرمیڈیٹ میں داخلہ لیں تعلیم کو جاری رکھیں۔ انہوں نے بورگ پلی اسکول کے طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کی ستائش کی۔ اس موقع پر سرکاری عہدیداروں، تدریسی عملے اور دیگر افراد نے شرکت کی۔