اساتذہ کو ضلع کلکٹر کی ہدایت، ضلع سنگاریڈی میں سرکاری اسکولوں کا معائنہ
سنگا ریڈی۔ 17 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سنگا ریڈی ضلع کلکٹر پی پراونیا نے چوٹکور منڈل کے مختلف سرکاری اداروں کا اچانک دورہ کرتے ہوئے تعلیمی معیاری کھانے اور اندراما مکانات کی تعمیراتی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا کلکٹر نے تاڈن پلی پرائمری اسکول، آنگن واڑی سنٹر اور سلطان پور ضلع پریشد ہائی اسکول کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلباء سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے ان کی تعلیمی سطح، حاضری اور مضامین میں دلچسپی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے اساتذہ کو سختی سے ہدایت دی کہ جو طلباء مضامین میں کمزور ہیں ان کے لیے خصوصی تدریسی کلاسز کا اہتمام کیا جائے تاکہ تعلیمی معیار میں بہتری لائی جا سکے ۔کلکٹر پراونیا نے اسکول میں فراہم کیے جانے والے دوپہر کے کھانے کا بھی ذاتی طور پر معائنہ کیا اور تاکید کی کہ حکومتِ تلنگانہ کے نئے مینو کے مطابق غذائیت سے بھرپور، معیاری اور مزیدار کھانا طلباء کو فراہم کیا جائے۔ انہوں نے آنگن واڑی سنٹرز کے اطراف صفائی اور بچوں کے لیے محفوظ و صحت مند ماحول کو یقینی بنانے کی ہدایت دی بعد ازاں ضلع کلکٹر نے تاڈن پلی گاؤں میں اندراما ہاؤس اسکیم کے تحت زیر تعمیر مکانات کا بھی جائزہ لیا۔ کلکٹر نے مستحقین کو مشورہ دیا کہ جو افراد منظوری حاصل کرچکے ہیں وہ فوری طور پر تعمیراتی کام شروع کریں اور اندراما کمیٹیوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔اس موقع پر آر ڈی او پانڈو، متعلقہ عہدیداران، اساتذہ اور مقامی عوام موجود تھے۔ کلکٹر نے عوام کو یقین دلایا کہ اسکولوں اور مکانات سے متعلق تمام مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔