سیاست اور فیض عام ٹرسٹ نے کی مثالی مدد ، 8 بیٹیوں اور 4 بیٹوں نے کیا ملت کا نام روشن
ایک بیٹی بنی ایم ڈی ڈاکٹر ، دوسری وکالت کی طالبہ ، بچیوں میں حافظہ و عالمہ بھی شامل
حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : انسان کی زندگی میں تقدیر کی بہت زیادہ اہمیت ہوتی ہے اور اللہ تعالیٰ نے دعاؤں کی شکل میں انسان کو ایسی نعمت عطا کی ہے جس کے ذریعہ تقدیر بھی بدل جاتی ہے اور جو لوگ کسی بھی چیز کے حصول میں محنت کرتے ہیں جیسا کہ یہ محاورہ ’ کر محنت کھا نعمت ‘ ہے ۔ محنت ضرور رنگ لاتی ہے اور قدرت محنت کرنے والوں کو اس کا پھل بھی عطا کرتی ہے ۔ ایسا ہی کچھ محمد جمیل حسین اور صبا فاطمہ کے ساتھ ہوا ۔ اس جوڑے کو قدرت نے 12 بچوں سے نوازا جن میں 8 لڑکیاں اور 4 لڑکے شامل ہیں ۔ محمد جمیل حسین فرنیچر کو پالش کرنے کا کام کرتے ہیں ۔ محنتی ہیں اور اپنے بیوی بچوں کو اچھا خاصا وقت بھی دیتے ہیں جب کہ ان کی اہلیہ ساڑی پیکو اور لیس اسٹیچنگ کا کام کرتی ہیں اور اچار تیار کر کے اچار پسند کرنے والوں کو فراہم کرتے ہیں ۔ موجودہ دور میں 12 بچوں کی تعلیم و تربیت کوئی معمولی بات نہیں ہے ۔ جیسا بتایا کہ کر محنت کھا نعمت چنانچہ حرکت میں برکت کے مصداق اس جوڑے نے غربت کے باوجود اپنے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی اور آج ان کے تمام 12 بچے غیر معمولی طور پر زیور تعلیم سے آراستہ ہوئے ۔ اس خاندان کی زندگی میں اہم موڑ اور انقلابی تبدیلی اس وقت آئی جب روزنامہ سیاست میں یہ خبر آئی کہ اس خاندان کی بڑی لڑکی عائشہ جبین کو ایم بی بی ایس میں فری سیٹ حاصل ہوئی ۔ یہ بات 2016 کی ہے اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے عائشہ جبین کی زبردست حوصلہ افزائی کی جس کے ساتھ ہی ذہین و ہونہار طلبہ ضرورت مند خواتین ، بیماریوں سے متاثر مریضوں اور معاشی بدحالی کا شکار لوگوں اور معذورین کو ان کے پیروں پر کھڑا کرنے میں مصروف فیض عام ٹرسٹ کے سکریٹری جناب افتخار حسین نے بھی اس خاندان کی مدد کا فیصلہ کیا اور پھر فیض عام ٹرسٹ اور سیاست ملت فنڈ کے عطیہ دہندگان کے مثالی تعاون و اشتراک سے اس خاندان کی مدد کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ فیض عام ٹرسٹ نے عائشہ جبین اور ان کے 11 بہن بھائیوں کی تعلیم پر 883414 اور روزنامہ سیاست نے تقریبا 6 لاکھ روپئے خرچ کئے ۔ دوسری جانب ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے عائشہ جبین کے نام سے ان کی شادی کے لیے 51 ہزار روپئے فکسڈ ڈپازٹ کروائے تھے جو بڑھ کر اب تقریبا 78 ہزار روپئے ہوگئے اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین ، رکن مجلس عاملہ سید حیدر علی ، منیجر فیض عام ٹرسٹ سید عبدالستار اور فیلڈ آفسیر اعظم خاں کی موجودگی میں نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے فکسڈ ڈپازٹ عائشہ جبین اور ان کے والد کے حوالے کئے ۔ واضح رہے کہ آج عائشہ جبین ایم ڈی ڈاکٹر ہیں ۔ وہ ماہر امراض اطفال ( پیڈیا ٹریشن ) کے طور پر اپنی خدمات کا آغاز کرنے والی ہیں ۔ آپ کو یہ جان کر خوشی ہوگی کہ ڈاکٹر عائشہ جبین کی بہن عافیہ جبین نے ایم بی اے کیا اور فی الوقت امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کررہی ہیں ۔ عاطوفہ جبین ایک اور بہن ہیں جنہوں نے بی فارمیسی کیا ہے اور اب ایک ہاسپٹل میں خدمات انجام دے رہی ہیں ۔ ایک اور بہن عرشیہ جبین بی بی اے کرچکی ہیں ۔ ایک بہن جن کا نام شاذیہ جبین ہے بی بی اے کے ساتھ ایل ایل بی کررہی ہیں ۔ اس لڑکی نے ڈاکٹر ، انجینئر بننے کی بجائے وکیل بننے کو ترجیح دی ہے ۔ ان بہنوں کے بھائی محمد مزمل حسین کمپیوٹر سائنس انجینئرنگ ( بی ٹیک ) سال سوم کے طالب ہیں جب کہ ان سے چھوٹے بھائی مصطفی حسین انٹر سال دوم میں زیر تعلیم ہیں ۔ ان کے بعد کی ایانہ جبین 9 ویں جماعت اور آیات جبین 9 ویں جماعت میں زیر تعلیم ہے ۔ ایک بہن عالمہ اور حافظہ ہے ۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کے مطابق اپنے بچوں کو تعلیم یافتہ دیکھتے ہوئے صبا فاطمہ نے بھی بی اے کرلیا ۔ اس خاندان کی تعلیمی مدد کے معاملہ میں ان کا کہنا تھا کہ فیض عام ٹرسٹ کے عطیہ دہندگان کا وہ شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ جب کہ اس خاندان کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار رہنے والے نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں کا کہنا تھا کہ محمد جمیل حسین اور صبا فاطمہ کی 8 بیٹیوں اور چار بیٹوں کا تعلیم یافتہ ہونا اور تعلیمی شعبہ میں غیر معمولی مظاہرہ دوسرے خاندانوں کے طلباء اور طالبات کے لیے ایک سبق ہے کیوں کہ اگر کسی میں حصول علم کا شوق جوش اور جذبہ ہو تو کامیابی اور خوشحالی ان کے قدم چومتی ہے ۔ جناب عامر علی خاں کے مطابق آج ہمارے بچوں کا تعلیم یافتہ ہونا ضروری ہے ۔ جناب عامر علی خاں اور جناب افتخار حسین نے عائشہ جبین کو ایف ڈی حوالے کیا ۔ جواب میں ڈاکٹر عائشہ جبین نے کہا کہ وہ یقیناً ضرورت مندوں کی مدد کریں گی ۔