نارائن پیٹ میں ہینڈلوم تربیت یافتہ خواتین میں اسناد کی تقسیم، چیف منسٹر سکریٹری سمیتا سبھروال کا خطاب
نارائن پیٹ۔ چیف منسٹر مسٹر کے سی آر کی سکریٹری شریمتی سمیتا سبھروال نے نارائن پیٹ کا دورہ کیا، ان کے سہراہ ہرتیا ہرم کے او ایس ڈی شریمتی پرینکا ورگیس بھی تھیں۔ انہوں نے ضلع کلکٹر نارائن پیٹ شریمتی ہری چندا، آئی اے ایس کے ساتھ نارائن پیٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر میں ’’کالنکاری بلیک پینٹنگ ٹریننگ‘‘ سنٹر کا دورہ کیا جو کہ NABARD اور DRDO کے تعاون سے ہینڈلوم ورکرس کو مفت فراہم کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر شریمتی سمیتا سبھروال آئی اے ایس نے تربیت یافتہ خواتین کو توصیفی اسناد بھی تقسیم کئے۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ نارائن پیٹ ملک بھر میں موتی اور سلک ساڑیوں کے لئے مشہور و معروف نام ہے۔ انہوںنے تربیت یافتہ خواتین و طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ کوئی ہنر سیکھنے کے لئے تعلیم ترک نہ کریں بلکہ پڑھنے کے ساتھ ساتھ دونوں میدانوں میں مہارت حاصل کریں۔ ضلع کلکٹر شریمتی ہری چندنا نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے نارائن پیٹ ڈسٹرکٹ میں اس طرح کا تربیتی سنٹر کا قیام قابل مبارکباد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے کئی طریقوں سے قرض فراہم کررہی ہے۔ سرکاری افسران ان اسکیمات سے بافندوں(بنکروں) کو استفادہ کرنے کے باشعور بنانا چاہئے۔ انہوں نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ نئے نئے ڈیزائن کے لئے تخلیقی طور پر سوچنا چاہئے، تاکہ مارکٹ میں ان ڈیزائنوں کی مانگ میں اضافہ ہو۔ انہوںنے کہا کہ نارائن پیٹ ساڑیوں کے لئے ایک برانڈ ہے اور وہ نارائن پیٹ کے ساڑیوں کی برانڈ ایمبیسڈر ہیں۔ تقریب میں موجود شریمتی پرینکا ورگیس نے کہا کہ نارائن پیٹ کی ساڑیاں بہت مشہور ہیں لیکن یہ ساڑیاں زیادہ عمر والی خواتین زیب تن کرتی ہیں۔ اس لئے جن حواتین کو تربیت دی جارہی ہے انہیں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ساڑیوں میں کچھ نیا پن اور نیا ڈیزائن لائیں تاکہ نئے جنریشن کی لڑکیاں اور خواتین بھی ان ساڑیوں کو پسند کریں۔ انہوں نے کہا کہ ’’کلنکاری بلیک پرنٹنگ‘‘ تربیت حاصل کرنے والی خواتین اچھے کاروباری بننے کی صلاحیت پیدا کرسکتی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ تربیت حاصل کرنے کے بعد آپ خود راست طور پر ان ساڑیوں کا کاروبار کریں۔ ضلع کلکٹر شریمتی ہری چندنا نے کہا کہ گریجویشن کے بعد نوکری کی تلاش میں وقت ضائع نہ کریں بلکہ راست طور پر کاروبار شروع کریں جس کی آپ لوگوں نے تربیت حاصل کی ہے۔ شریمتی سمیتا سبھروال، آئی اے ایس نے نارائن پیٹ کے محلہ دھول پیٹ میں ہینڈلوم سوتی ساڑیوں کے مراکز کا معائنہ کیا اور ان کی معاشی حالت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ایک ساڑی کی تیاری میں انہیں کیا مزدوری دی جاتی ہے، بافندوں سے بات کرکے معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ضلع ایس پی، مسٹر این وینکٹیشورلو، ڈی آر ڈی او مسٹر گوپال اسسٹنٹ ڈی آر ڈی او مسٹررامو نائک، مہیلا سماج کی ممبران و دیگر موجود تھیں۔