ویمنس کالج ، کوٹھی کے کانوکیشن سے گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تملی سائی سوندرا راجن نے آج طلبہ سے کہا کہ تعلیم کا اصل مقصد امپاورمنٹ اور علم کی روشنی حاصل کرنا ہے ۔ انہوں نے طالبات پر اس بات کے لیے بھی زور دیا کہ وہ دوسروں کو تعلیم دیں اور یہ تعلیم کا صحیح مفہوم ہوگا ۔ آج یہاں یونیورسٹی کالج فار ویمنس کوٹھی کے 15 ویں کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سوندرا راجن نے کالج کی طالبات پر زور دیا کہ وہ نہ صرف جسمانی طور پر فٹ رہنے پر توجہ دیں بلکہ ذہنی اور سماجی طور پر بھی فٹ رہنے پر توجہ دیں ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے طالبات کو یوگا کرنے کا مشورہ دیا ۔ جو صحت کے لیے بہت اچھا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک ڈاکٹر ہیں اور یوگا کے فوائد سے بخوبی واقف ہیں ۔ انہوں نے صحت کے لیے مفید غذا کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا ۔ طالبات سے خوش رہنے کے لیے کہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں ان کے ٹیچرس کو فراموش نہیں کرنا چاہئے کیوں کہ ان کی وجہ سے وہ اس مقام پر ہیں ۔ کوئی کلکٹر یا آئی اے ایس بن سکتا ہے بعض وقت مایوسی بھی ہوسکتی ہے لیکن رکاوٹوں کو بھی مثبت انداز سے دیکھنا چاہئے کیوں کہ بعض وقت ناکامی کامیابی کا زینہ ہوتی ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر ان کی کاوشوں کا تذکرہ کیا خواہ وہ سیاسی میدان میں ہوں یا میڈیسن میں ۔ اور ان ہی کاوشوں کی وجہ وہ تلنگانہ کی سب سے کم عمر گورنر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک میں سب سے کم عمر گورنر ہیں ۔ اس کالج کو مبارکباد دیتے ہوئے جس کی جلد ہی صدی تقاریب منائی جائیں گی ۔ سوندرا راجن نے بتایا کہ کس طرح رابندر ٹیگور نے حیدرآباد کا سفر کرتے ہوئے اس وقت کے حکمران نظام کو ایک ویمنس کالج قائم کرنے کی ترغیب دلائی تھی جس پر ویمنس کالج ، کوٹھی کا قیام عمل میں آیا ۔ انہوں نے تعلیم محض روزگار کے لیے نہیں ہے بلکہ روشن خیالی اور امپاورمنٹ کے لیے ہے ۔ قبل ازیں پروفیسر اروند کمار ، وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی نے ان کے خطاب میں کہا کہ تعلیم زندگی بھر کا موقع ہوتی ہے اور انہیں خوشی ہے کہ اس کانوکیشن میں 700طالبات حصہ لے رہی ہیں ۔ کالج پرنسپل اے روجا رانی نے خیر مقدم کیا اور سالانہ رپورٹ پیش کی ۔ اور کہا کہ اس کالج میں 19 یو جی کورسیس ، 20 پی جی کورسیس اور 3 ڈپلومہ اینڈ سرٹیفیکٹ کورسیس کی پیشکش کی جارہی ہے ۔۔