نظام آباد میں دلت بندھو اسکیم کا آغاز، ریاستی وزیر پرشانت ریڈی کا خطاب
نظام آباد ۔آنجہانی سابق نائب وزیر اعظم بابو جگجیون رام کی 115 ویں جینتی کے موقع پر وزیر عمارت و شوار ع مسٹر پرشانت ریڈی نے جگجیون رام کے مجسمہ کو پھول مالا چڑھاکر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ امبیڈ کر بھون میں منعقدہ دلت بندھو اسکیم کے آغاز کی تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جگجیون رام کم عمر سے ہی سیاسی طور پر سرگرم رہے اور جواہر لال نہرو کے ساتھ کابینہ میں کام کیا اور 50 سال تک پارلیمنٹ کے رکن کی حیثیت سے اور 30 سال تک مرکزی وزیر اور نائب وزیر اعظم کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے دلت طبقہ کی فلاح وبہبودی کیلئے کئی ایک کارنامہ انجام دئیے جبکہ ڈاکٹر امبیڈ کر دستور کے مصنف ہیں تو اس کی عمل آوری جگجیون رام نے کی ۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو کی قیادت میں دلت طبقہ کی فلاح وبہبودی کیلئے دلت بندھو اسکیم کا آغاز کیا گیا ہے جگجیون رام کی پیدائش کے موقع پر اس اسکیم کی شروعات کرتے ہوئے دلتوں کو 10لاکھ روپئے تک مفت فراہم کئے جارہے ہیں مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ ان روپیوں سے کاروبار کرتے ہوئے معاشی طور پر مستحکم بنیں ۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ ہر شخص ایک ہی اسکیم کے بجائے الگ الگ اسکیمات سے استفادہ حاصل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ دلت طبقہ کی ترقی اس وقت ممکن ہوسکتی ہے جبکہ ان کے خاندانوں میں تعلیم کو عام کیا جائے جس کی وجہ سے ریاست میں 268 ایس سی خواتین مدارس کا قیام عمل میں لاتے ہوئے ایک لاکھ بچوں کو کارپوریٹ طرز پر تعلیم دی جارہی ہے اور ہر لڑکے پر ایک لاکھ 20 ہزار روپئے خرچ کیا جارہا ہے ۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات کو بیرون ملک میں اعلیٰ تعلیم دلانے کیلئے 20لاکھ روپئے اورسیز اسکالرشپ بھی دیا جارہا ہے ۔ امبیڈ کر اورسیز اسکالرشپ کے تحت یہ رقم فراہم کی جارہی ہے ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر مسٹر نارائن ریڈی نے کہا کہ بابو جگجیون رام کے پیغام کو عام کرنے بالخصوص نوجوان طبقہ مثال قائم کرنے کی خواہش کی ۔ ضلع میں پہلے مرحلہ کے تحت 550 استفادہ کنندگان کو منتخب کرتے ہوئے ہر حلقہ میں 1500 افراد کو دلت بندھو سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور مختلف محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں کی بھرتی کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔