ٹولی چوکی میں آئی پی ایس انٹرنیشنل اسکول کی چوتھی برانچ کا افتتاح
حیدرآباد۔ 4۔ ستمبر(پریس نوٹ) مسلمانوں میں تعلیمی معیار کو موجودہ ضروریات اور مستقبل کے چیلنجس میں ڈھالنے کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے ہمارے معزز علماء کرام کے ساتھ ساتھ دیگر ذمہ داران قوم کو اس پر جلد از جلد ایک حکمت عملی تیار کرنی چاہئیے۔ انفرا اسٹرکچر کی آسانی سے فراہمی کی صورت میں بھی تعلیمی معیار کو بڑے پیمانے پر آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔ آئی پی ایس انٹرنیشنل اسکول کے ڈائرکٹر محمد الیاس نے ٹولی چوکی پیراماونٹ کالونی میں اسکول کی نئی برانچ کے افتتاح کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا۔ عظیم فہیم فنکشن ہال کی عمارت کو اب آئی پی ایس انٹرنیشنل اسکول میں تبدیل کیا گیا۔ اس کیلئے عظیم فہیم فنکشن ہال کے مالک ڈاکٹر فہیم کا خصوصی الفاظ کے ساتھ شکریہ بھی ادا کیا گیا۔ اسکول کا افتتاح محمد الیاس احمد کے والد سید حسین احمد نے کیا۔ اس موقع پر مشہور اسپیکر نثار احمد ناڈیاڈوالا اور اسکول کے عربی اور دینی تعلیم کے سربراہ شیخ رفیق مدنی کے علاوہ طلباء کے والدین اور اسکول کے اسٹاف نے شرکت کی تھی۔ سید الیاس احمد نے کہا کہ اسکولس کی بڑی بڑی عمارتوں کی ضروریات صرف شہر میں موجود فنکشن ہالس کو اسکولس میں تبدیل کرنے سے ہی پوری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی ایس ہندوستان کا ایسا واحد اسکول ہے جس میں سی بی ایس ای نصاب کی تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ بچوں کو عالم‘ حافظ اور اسلام کے بارے میں غلط فہمیاں کرنے والا اچھا اسکالر بھی بنایا جارہا ہے۔ شیخ رفیق مدنی اور نثار احمدنے کہا کہ آئی پی ایس میں بچوں کو شروعات سے ہی عربی اور انگریزی میں بات چیت کرنا لازمی ہے تاکہ وہ دین اور دنیا میں اعلی مقام حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ اسکول کی چوتھی برانچ ہے اور ہمارے تمام برانچس میں بچوں کی سہولیات اور پبلک اسکلس کی صلاحیت کو اُبھارنے کیلئے بڑے بڑے آڈیٹوریم بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک بہت بڑی پروفیشنل ٹیم اپنے کام کے تئیں سنجیدہ اور پابند ہونے کی وجہ سے ہر سال اسکول کی برانچس میں اضافہ ہورہا ہے۔ موجودہ حالات میں جو چیلنجس درپیش ہیں ‘ اُن حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے آج زیادہ سے زیادہ اسکولس کی ضرورت ہے۔