تعلیم کیساتھ بچوں کی اخلاقیات پر توجہ دیں

   

سرپرستوں سے خواہش، میدک میں تہنیتی تقریب سے طارق انصاری و دیگر کا خطاب
میدک 17 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک ملی اسوسی ایشن (MMA) کے زیراہتمام ٹاؤن کے کرسٹل گارڈنس پر ضلع میدک سے امسال ایس ایس سی، انٹرمیڈیٹ میں شاندار کارکردگی کے ذریعہ کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات کو اور اسکولس پرنسپلس، سرپرستوں کو تہنیت پیش کی گئی۔ اس تقریب میں صدرنشین تلنگانہ میناریٹی کمیشن جناب طارق انصاری نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ صدر ایم ایم اے ڈاکٹر فرقان عکاذ کی زیرصدارت منعقدہ اس تقریب کا آغاز قرأت کلام پاک سے ہوا۔ چیرمین میناریٹی کمیشن نے اعلیٰ نشانات حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے سرپرستوں سے کہاکہ اپنے بچوں کو تعلیم کے ساتھ اخلاقیات پر توجہ دیں۔ انھوں نے کہاکہ اپنے بچوں کو پہلے ہی اسلامی اخلاق و اقدار سے روشناس کرائیں۔ انھوں نے کہاکہ اگر تعلیم کے ساتھ اخلاق نہ ہو تو اکثر اوقات اچھے سے اچھا انسان کو فائدہ پہنچانے کے بجائے انسانیت کے لئے نقصان دہ اور ہلاکت کا سبب بن جاتا ہے۔ جناب طارق انصاری نے آخر میں طلبہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ وہ انٹرمیڈیٹ کے بعد اعلیٰ تعلیم حاصل کریں اور انجینئرنگ، میڈیسن کے علاوہ سیول اور گروپس کے تیاری کریں۔ اس تقریب کو صدر ایم ایم اے ڈاکٹر فرقان عکاذ، جنرل سکریٹری صوفی شجاعت، مولانا محمد جاوید علی حسامی، ٹی چندراپال، ایم انجنیلو، میناریٹی ڈیولپمنٹ آفیسر جملا نائک، ڈاکٹر شاکرہ صوفی، شمس النساء بیگم، امجد عارف، محمد ریاض الدین، سید عبدالعزیز، شیخ عقیل احمد ایڈوکیٹ، نسیمہ شیخ نرساپور، وجئے شری میدک، سریکھا پرنسپل ٹمریز، حجافظ سید خواجہ معزالدین نے بھی مخاطب کیا۔ حافظ محمد فصیح الدین جرنلسٹ نے تقریب کی کارروائی چلائی۔ اس موقع پر زبیر مہتاب، سید عمر محی الدین، ایم اے رؤف، ندیم عکاذ، سید ظفراللہ طاہر، مرزا احمد علی بیگ، ڈاکٹر میر عابد علی، نعمت اللہ خان، غفار نیازی، محمد فاضل، محمد فاضل حسین، نصیر نیازی، ڈاکٹر سید جعفر محی الدین، سید عمر محی الدین کے علاوہ ٹاؤن کے ذی اثر حضرات اور سرپرستوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ بعدازاں طلبہ و طالبات کو مومنٹوز ، توصیفی اسنادات سے نوازا گیا اور صحافیوں کو بھی تہنیت پیش کی گئی۔