تعلیم کے ذریعہ ہر ناممکن کو ممکن بنایا جاسکتا ہے

   

58 ویں قومی لائبریری ہفتہ پروگرام ، ضلع کلکٹر اے ترپاٹھی و دیگر کا خطاب

نلگنڈہ۔19نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے کہا کہ تعلیم ایسی قوت ہے جس کے ذریعے ہر ناممکن کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ وہ 58ویں نیشنل لائبریری ویک (14 تا 20 نومبر) کے تحت آج ڈسٹرکٹ سنٹرل لائبریری نلگنڈہ میں منعقدہ پروگرام سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہی تھیں۔پروگرام کا آغاز ضلع کلکٹر کے ہاتھوں سابق وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی یوم پیدائش کے موقع پر تصویر پر گل پوشی و خراج عقیدت پیش کیاگیابعد ازاں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے کہا کہ اندرا گاندھی نے اپنے عزم محنت اور مضبوط ارادوں کے بل بوتے پر ملک کی قیادت کی ’’غریبی ہٹاؤ‘‘ جیسے تاریخی نعرے کے ذریعے غریبوں کی فلاح کیلئے بے مثال خدمات انجام دیں۔ وہ کئی زبانوں پر عبور رکھتی تھیں اور باوجود اس کے کہ ان کے والد پنڈت جواہر لعل نہرو ملک کے وزیر اعظم تھے وہ اپنی محنت اور قابلیت کے سہارے اس عہدے تک پہنچیں۔ضلع کلکٹر نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ اندرا گاندھی کی سیرت سے سبق حاصل کرتے ہوئے دلجوئی کے ساتھ تعلیم حاصل کریں تاکہ معاشرے میں اعلیٰ مقام حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عظیم خیالات مستحکم ذہنیت اور مشکلات کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ رکھنے والے ہی مستقبل میں کامیابی کی بلندیوں کو چھوتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈسٹرکٹ لائبریری کی موجودہ عمارت غیر موزوں ہے، اسی لیے سابق ٹاؤن ہال کی جگہ نئی عمارت تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جہاں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے علیٰحدہ منزلیں قائم کی جائیں گی۔ اس ضمن میں پروجکٹ رپورٹ بھی مکمل کی جا چکی ہے۔ضلع لائبریری سوسائٹی کے صدر محمد عبدالحفیظ خان نے کہا کہ لائبریریاں علم و آگہی کے چراغ ہیں۔ انہوں نے ضلع کلکٹر سے اپیل کی کہ نئی عمارت کی منظوری جلد از جلد دی جائے کیونکہ موجودہ عمارت ضروریات کے مطابق نہیں ہے۔اس تقریب میں ڈسٹرکٹ لائبریری سوسائٹی کے سکریٹری بلاما، بوائز و گرلز گورنمنٹ جونیئر کالجوں کے پرنسپلس عملہ اور معززین شہر نے شرکت کی۔ آخر میں ضلع کلکٹر نے مختلف مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے۔