تعلیم کے ذریعہ ہی جہالت کی تاریکی کا خاتمہ : گورنر

   

حیدرآباد 27 جنوری (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنودیو ورما نے اکشیا ودیا فاؤنڈیشن کی خاتون ٹیوٹرس میں لیاپ ٹاپ کی تقسیم عمل میں لائی۔ اِس سلسلہ میں لوک بھون میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ گورنر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کے ذریعہ ہی جہالت کی تاریکیوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے اور غربت کے خاتمہ میں بھی تعلیم کا اہم رول ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ غریب اور کمزور طبقات کی ترقی کے لئے اُنھیں تعلیم سے جوڑنے کی ضرورت ہے۔ گورنر نے دستور کی دفعہ 21A کا حوالہ دیا جس کے تحت 6 سال سے 14 سال عمر کے ہر بچے کو مفت تعلیم کی ضمانت دی گئی ہے۔ گورنر نے غریب طلبہ کی تعلیمی ترقی اور بہتر انفراسٹرکچر سلسلہ میں اکشے ودیا فاؤنڈیشن کی مساعی کو سراہا۔ اُنھوں نے کہاکہ لیاپ ٹاپ کی فراہمی سے نہ صرف تدریسی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ ٹیوٹرس نئی ٹیکنالوجی کے ذریعہ طلبہ کو ڈیجیٹل اکانومی کے لئے تیار کرسکتے ہیں۔ گورنر نے کارپوریٹ ادارے ریمینی اسٹریٹ کی جانب سے خاتون ٹیوٹرس کی حوصلہ افزائی کو سراہا اور کہاکہ اِس طرح کے اقدامات سے غریب بچوں کی بہتر تعلیم کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ گورنر نے کہاکہ وکست بھارت نظریہ کے تحت نوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔1