ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کا کانووکیشن، گورنر جشنو دیو ورما نے ڈگری تقسیم کی، یونیورسٹی کی ترقی کیلئے 25 کروڑ کی منظوری
حیدرآباد ۔ یکم اکتوبر (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اسکل ڈیولپمنٹ اور دیگر عصری ٹکنالوجی سے خود کو ہم آہنگ کرتے ہوئے مسابقتی دور میں تابناک مستقبل یقینی بنائیں۔ گورنر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کے 26 ویں کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے حصول اور تعلیمی مواقع کے بہتر استعمال کے سلسلہ میں گھریلو خواتین اور قیدیوں کو مثال بنانا چاہئے جو اوپن یونیورسٹی کے ذریعہ مختلف کورسس میں نمایاں مظاہرہ کر رہے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی مہارت کے کئی مواقع موجود ہیں۔ نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی شعبہ جات اور خاص طور پر ڈیجیٹل ٹکنالوجی سے خود کو ہم آہنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹکنالوجی سے وابستگی اور روزگار پر مبنی کورسس میں اوپن یونیورسٹی کی مساعی قابل ستائش ہے۔ گورنر نے قبائلی طلبہ کو مفت تعلیم کی فراہمی اور ٹرانس جینڈر اور معذورین کے لئے اسکالرشپ کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ گورنر نے اوپن یونیورسٹی کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ملازمت کے ساتھ ساتھ تعلیم کا حصول گھریلو خواتین ، سینئر سٹیزنس اور قیدیوں کی جانب سے بہتر مظاہرہ کیا جارہا ہے ۔ کانووکیشن میں ڈگری کی تکمیل کرنے والے 203 قیدیوں میں سے دو قیدیوں کو گولڈ میڈل سے نوازا گیا ۔ اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اوما کانجی لال نے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو مشورہ دیا کہ تعلیم کے شعبہ میں تبدیلیوں سے خود کو ہم آہنگ کریں اور اسکل ڈیولپمنٹ پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل اور عصری ٹکنالوجی کو ہندوستان کی تعلیمی پالیسی میں شامل کیا گیا ہے ۔ مرکزی حکومت کی نئی تعلیمی پالیسی کے ذریعہ نوجوان نسل تابناک مستقبل کو یقینی بناسکتی ہے ۔ گورنر نے اس موقع پر اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کی۔ اوپن یونیورسٹی میں 60288 امیدوار کامیاب ہوئے جن میں 32373 خواتین ہیں ۔ 7 ٹرانزجنڈرس نے بھی ڈگری حاصل کی۔ کانووکیشن میں 86 گولڈ میڈل دیئے گئے جن میں 67 خواتین شامل ہیں جبکہ 19 مرد امیدوار گولڈ میڈل حاصل کرسکے۔ 203 قیدیوں نے ڈگری کی تکمیل کی جن میں راجمندری سنٹرل جیل سے تعلق رکھنے والے ناگ راجو کماری اور کڑپہ سنٹرل جیل کے یوگیندر کو گولڈ میڈل دیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر جی چکراپانی نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت نے یونیورسٹی کی ترقی کیلئے 25 کروڑ گرانٹ منظور کی ہے۔ ایس سی سب پلان کے تحت بریج کورسس کے مراکز قائم کرنے کیلئے 100 کروڑ منظور کئے گئے ۔ تعلیمی سال 2025-26 سے قبائلی طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو مفت تعلیم فراہم کی جارہی ہے جو ملک کی تمام یونیورسٹیز میں ایک مثال ہے۔1