نلگنڈہ۔ 11 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے کہا کہ عوام بالخصوص نوجوان طبقہ ہندوستان کے عظیم مجاہدِ آزادی ممتاز عالم دین کثیر اللسان دانشور اور ملک کے پہلے وزیرِ تعلیم مولانا ابوالکلام آزادکی تعلیمات اور افکار سے رہنمائی حاصل کرے۔انہوں نے یہ بات آج ضلع کلکٹر آفس کے کانفرنس ہال میں مولانا ابوالکلام آزاد کی یومِ پیدائش کے موقع پر منعقدہ یومِ اقلیتی بہبود و قومی یومِ تعلیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر کلکٹر نے مولانا ابوالکلام آزاد کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ترپاٹھی نے کہا کہ مولانا آزاد نے ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے ناقابلِ فراموش خدمات انجام دیں۔ ان ہی کی سرپرستی میں ملک کے اعلیٰ تعلیمی ادارے جیسے آئی آئی ٹی قائم ہوئے۔ اس موقع پر ریونیو ایڈیشنل کلکٹر جے سرینواس، انچارج ڈی آر او وائی اشوک ریڈی ضلع اقلیتی بہبود آفیسر وجیندر ریڈی ڈی ای او بھکشاپتی، کلکٹر آفس کے اے او موتی لال اقلیتی قائدین ڈاکٹر ایم اے خان محمد سلیم، ایم اے رفیع عمر شریف سید جعفر بابا ضیاء الدین و دیگر موجود تھے۔
