تعلیم ہر قسم کی پسماندگی کو دور کرنے والا ہتھیار

   

طالب علموں کو خوب محنت سے پڑھنے کا مشورہ، پرنسس عیسن اسکول میں ڈراما کی پیشکشی ،مختلف شخصیتوں کا خطاب

حیدرآباد۔26اکٹوبر(سیاست نیوز) نظامیہ حیدرآباد ویمنس اسوسیشن ٹرسٹ کے زیرنگرانی چلائی جارہے پرنسیس عیسن گرلز ہائی اسکول کی ڈراما ٹیک سوسائٹی کے زیراہتمام اسکول کے پرانی حویلی برانچ میںانگریزی اور اُردو زبان میں طالبات کی جانب سے مختلف ڈرامہ پیش کئے گئے۔ پروفیسر شگفتہ شاہین کے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ ٹرسٹی نظامیہ حیدرآباد ویمنس اسوسیشن ٹرسٹ مہہ پارہ علی نے مہمانِ اعزازی کے طور پر شریک رہیں۔اُردو ٹیچر تسلط سلطانہ کے ترتیب کردہ ڈرامہ’’ اعلان‘‘ کو طالبات میں بہترین انداز میںپیش کیا۔ بہترین اداکاری‘ مکالمہ اور اُردو الفاظ کی درست انداز میںادائیگی نے نہ صرف شرکاء بلکہ تقریب میںشریک مہمانان کو بھی حیران کردیا۔ڈرامہ کے ذریعہ زمانہ قدیم میںمسلمان قبیلوں کے اندر لڑکیوں کی تعلیم پر کس طرح روک لگایاجاتا تھا اس کو پیش شاندار انداز میںپیش کرنے کی کوشش کی ۔کرداروں کو پیش کرنے میں جو طریقہ کار اپنا یاگیا تھا وہ بھی مایہ ناز رہا۔بعدازاں ائی سی ایس ای 2025میں اسکول ٹاپر سیدہ انعقا بنت سید فصی اللہ حسینی کو اسکول انتظامیہ کی جانب سے گولڈ میڈل ٹرسٹی نظامیہ حیدرآباد ویمنس اسوسیشن ٹرسٹ مہہ پارہ علی کے ہاتھوں پیش کیاگیا۔ اس موقع پر طالبات اور اولیاء طلبا کی کثیر تعداد سے خطاب کرتے ہوئے مہہ پارہ علی نے گولڈ میڈل اور انعامات حاصل کرنے والے تمام طالبات کو مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے مزیدکہاکہ کئی ایک وجوہات مسلم خواتین کے تعلیم سے دوری کے ہیں مگر تعلیم ہی ایک ایساہتھیار ہے جس کو حاصل کرنے کے بعد سماج سے ہر قسم کی پسماندگی کو آسانی سے دور کیاجاسکتا ہے۔انہوں نے آخر میں پھر ایک مرتبہ اسکول انتظامیہ ‘ اساتذہ اور طالبات کو ان کی بہترین کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔ ڈائرکٹر اسکول سلطانہ نظیر الحسن نے بھی اسکول کی تعلیمی اور فنی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور ڈراموں کے انعقاد میں اولیاء طلبا کے تعاون کا بھی اس موقع پر تذکرہ کیا۔