2029 میں راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنانے جدوجہد ۔ کیرالا میں چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد 31 اگسٹ ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی کے ذریعہ عوام کو با اختیار بنایا جاسکتا ہے ۔ تعلیم کے ذریعہ ہی عوام میں شعور بیدار کیا جاسکتا ہے اور یہ عوام کی ترقی کا ایک سب سے بڑا ہتھیار ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی الاپوزھا کیرالا میں ایم پی میرٹ ایوارڈ 2025 کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ چیف منسٹر نے کیرالا میں تعلیمی کی اہمیت کی ستائش کی اور کہا کہ ریاست میں 100 فیصد خواندگی ہے اور یہاں اسکولس ڈراپ آوٹ کی شرح صفر ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے بھی تعلیم کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ حکومت تلنگانہ نے محض 55 دن کے وقفہ میں 11,055 ٹیچروں کی بھرتی عمل میں لائی ہے ۔ ریاست میں 100 ینگ انڈیا اقامتی اسکولس قائم کرنے کیلئے اقدامات شروع کردئے گئے ہیں۔ ہر اسکول کے قیام پر 200 کروڑ روپئے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے اور ینگ انڈیا اسکلس یونیورسٹی اور اسپورٹس یونیورسٹی بھی قائم کی جا رہی ہے ۔ چیف منسٹر نے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ و جنرل سکریٹری تنظیمی امور کے سی وینوگوپال کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ہی ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ او بی سی ‘ اقلیتی طبقات اور خواتین و بچوں کی بہتری کیلئے بے تکان جدوجہد کی ہے ۔ چیف منسٹر نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ سیاست میں حصہ لیں۔ دستوری اصلاحات کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو آگے آتے ہوئے سیاست میںحصہ لینا اور اسمبلی کیلئے مقابلہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہی کے حقوق کا تحفظ کرنے متحدہ جدوجہد کی جانی چاہئے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بی جے پی پر جمہوریت کو پامال کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ جمہوریت کا تحفظ کرنے کیلئے سماج کے ہر گوشے کو آگے آنا اور اپنی ذمہ داری نبھانا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 2029 میں راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنانے کیلئے اجتماعی کوششیں کی جانی چاہئے ۔