کریم نگر میں منعقدہ تقسیم اسناد و انعامات تقریب سے ڈاکٹر محمدناظم علی ، ریاض علی رضوی و دیگر دانشوران کا خطاب
کریم نگر ۔24نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی اور خوشحالی کی بنیادی ضمانت ہے۔ نئی نسل کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ اس میں قومی شعور، خود اعتمادی اور خدمتِ خلق کا جذبہ پیدا کرنا بھی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد ناظم علی، ریٹائرڈ پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج و سینیٹ ممبر تلنگانہ یونیورسٹی نے مولانا آزاد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کریم نگر کے زیراہتمام شالیمار فنکشن ہال میں منعقدہ تقریبِ تقسیم انعامات و اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے امام الہند مولانا ابوالکلام آزاد کی قومی و تعلیمی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا آزاد کا خواب تھا کہ مسلمان بھی دیگر ابنائے وطن کے ساتھ تمام شعبوں میں ترقی کرتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کریں۔ مولانا محمد علی جوہر، مولانا شوکت علی، حسرت موہانی اور مولانا آزاد جیسی شخصیات نے علم و قلم کے ذریعے ملک کی آزادی اور قوم کی بیداری میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے موجودہ دور میں قومی و عالمی سطح پر فکری قیادت اور تھنک ٹینک کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔سوسائٹی کے صدر ریاض علی رضوی نے کہا کہ مولانا آزاد ایک عظیم عالم دین، بے باک صحافی، ادیب، شاعر اور مدبر سیاستداں تھے۔ ان کے اخبارات الہلال اور البلاغ نے ہندوستانیوں بالخصوص مسلمانوں میں آزادی کا جذبہ پیدا کیا، جس سے خوفزدہ ہوکر برطانوی حکومت نے ان پر پابندی عائد کردی تھی۔ آزادی کے بعد ملک کے پہلے وزیر تعلیم کی حیثیت سے تقریباً 11 سال تک انہوں نے ہندوستانی تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے اور اعلیٰ و فنی تعلیم کے فروغ کیلئے نمایاں خدمات انجام دیں۔ریاض علی رضوی نے بتایا کہ سوسائٹی کا قیام 2009 میں نئی نسل کو مولانا آزاد کی زندگی اور خدمات سے واقف کروانے کے مقصد سے عمل میں لایا گیا۔ ہر سال 11 نومبر کو ان کے یومِ پیدائش کے ضمن میں اُردو، تلگو اور انگریزی میڈیم کے طلبہ کیلئے تحریری، تقریری اور کوئز مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ نئی نسل کو مولانا آزاد کے افکار و کارناموں سے روشناس کروائیں تاکہ نوجوان ملک و قوم کی خدمت کرسکیں۔صدر تلنگانہ مسلم گریجویٹس ایسوسی ایشن مصطفیٰ علی انصاری نے مولانا آزاد کو سچا محب وطن اور عظیم قومی رہنما قرار دیتے ہوئے سوسائٹی کی سرگرمیوں کی ستائش کی اور نوجوانوں کو ان کے نقش قدم پر چلنے کا مشورہ دیا۔ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیئر آفیسر محمد جلال الدین اکبر نے مولانا آزاد کی قومی و تعلیمی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ریاستی حکومت کی مختلف اقلیتی فلاحی اسکیمات کا تذکرہ کیا اور مسلمانوں سے ان سے استفادہ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔تقریب میں اردو میڈیم دسویں جماعت کی طالبہ ثناء ترنم (گلف اسکول)، انگریزی میڈیم کی زینب مبشر (نواب ہائی اسکول) اور ڈی آئی ای ٹی کی ایک اردو میڈیم طالبہ نے تلگو زبان میں تقریری مقابلے میں اول انعام حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں کامیاب طلبہ و طالبات میں مہمانوں کے ہاتھوں انعامات اور توصیفی اسناد تقسیم کی گئیں۔جنرل سیکریٹری مسعود علی اکبر نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے تعلیم کی اہمیت پر کلام پیش کیا، جبکہ سینئر جرنلسٹ شفیق احمد اطہر نے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر نائب صدور بشیر الدین حیدر، سید اشتیاق احمد، خازن محمد عبدالمقتدر مکرم، محمد فیاض علی رضوی، محمد اکرم علی، میر شوکت علی اور سعادت علی صدیقی کے علاوہ اولیائے طلبہ اور معززین کی کثیر تعداد موجود تھی۔