نئی دہلی: سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے لوک سبھا میں کہا کہ قومی شاہراہوں کی تعمیر میں کمی کو لے کر حکومت سنجیدہ ہے اور اس میں گڑبڑ کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ گڈکری نے سوالات کے دوران ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہا کہ دہلی-ممبئی ایکسپریس وے ملک کی سب سے طویل شاہراہ ہے ۔ اس ایکسپریس وے سے لوگ دہلی سے 12 گھنٹے میں ممبئی پہنچ سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ مقامات پر سڑکیں دھنس گئی ہیں، لیکن نیچے کی سطح ٹھیک ہے اور اس میں صحیح مواد استعمال کیا گیا ہے ۔ اس روٹ کی مرمت کی دس سال کی ذمہ داری ٹھیکیدار کے پاس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں میں کمی آنے پر چار ٹھیکیداروں کو ذمہ دار ٹھہرا کر نوٹس دیا گیا ہے اور کارروائی کی جائے گی۔ کسی کو نہیں بخشا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معیار کے بارے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ گڈکری قومی جمہوری پارٹی کے ہنومان بینیوال کے سوال کا جواب دے رہے تھے ۔