ٹی ایس بی پاس کی جلد شروعات ۔ وزیر کے ٹی آر کا اعلان
حیدرآباد 6 فبروری ( این ایس ایس ) وزیر بلدی نظم و نسق و انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راو نے آج عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عوام کی بنیادی ضروریات کی تکمیل پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو بدعنوانی میں ملوث پایا گیا یا پھر وہ اپنے فرائض انجام دینے میں ناکام رہا تو اسے ملازمت سے برخواست کرنے جیسا سخت فیصلہ بھی کیا جاسکتا ہے ۔ وزیر موصوف نے میونسپل کمشنران اور دوسروں کے ساتھ آج ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اختیارات کو غیر مرکوز کرتے ہوئے فرائض کی تکمیل کرنے سے ہی میونسپلٹیز میں ترقیاتی سرگرمیوں کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ دوسرے شعبہ جات اور محکمہ جات سے تال میل اور اشتراک کے ذریعہ ہی خدمات انجام دیں تاکہ عوام کی تیز رفتار اور بہتر خدمات کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ٹی ایس بی پاس سرویس شروع کی جائیگی جس کے تحت عوام کو اندرون 21 یوم عمارت کی تعمیر کے اجازت نامے دئے جائیں گے ۔ جو کوئی عوام کی بنیادی خدمات کی انجام دہی میں ناکام ہوجائیگا یا پھر بدعنوانی میں ملوث پایا جائیگا اسے اپنی ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ دار عہدیدار حیدرآباد میں بیٹھ کر بلدیات اور میونسپلٹیز میں عمارتوں کی تعمیر اور ان کے اجازت ناموں کے عمل کی نگرانی کریں گے ۔ ٹی ایس آئی پی کی طرز پر عمارتوں کی تعمیر کے اجازت نامے دینے ٹی ایس بی پاس شروع کیا جائیگا ۔ اندرون تین ہفتے عمارتوں کی تعمیر کے اجازت نامے حوالے کردئے جائیں گے ۔