ریاست میں 4 لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ، ہر اسمبلی حلقہ میں 3500 مکانات کی تعمیر
حیدرآباد۔/6اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی و سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت ریاست کے تمام مستحق غریب خاندانوں کو آئندہ پانچ برسوں میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم مکانات فراہم کرنے کے عہد پر قائم ہے۔ اتم کمار ریڈی نے حضور نگر کے راما سوامی گٹہ میں ہاوزنگ کالونی کا دورہ کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے سابق بی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں ہاؤزنگ کو مکمل نظرانداز کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے ڈبل بیڈ روم مکانات اسکیم کی غیر معمولی تشہیر کی لیکن حقیقت میں یہ محض انتخابی جملہ ثابت ہوا اور عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت نے بے گھر خاندانوں کو دھوکہ دیا ۔ ریاست میں کمزور طبقات کیلئے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت میں اندراماں ہاؤزنگ کے تحت تعمیر مکانات کے علاوہ کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اندراماں ہاؤزنگ پراجکٹ کے تحت حضور نگر ٹاؤن میں 2013-14 میں 2160 مکانات کی تعمیر کا آغاز عمل میں آیا جس وقت وہ کانگریس حکومت میں وزیر امکنہ تھے۔ بی آر ایس نے دس برسوں تک اس کو معرض التواء میں رکھا تاکہ پراجکٹ کی تکمیل کا سہرا میرے سر نہ جائے۔ ڈسمبر 2023 میں کانگریس اقتدار کے بعد پراجکٹ کا احیاء کیا گیا اور تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کی گئی۔ آئندہ تین ماہ میں 2160 مکانات بے گھر غریب خاندانوں میں تقسیم کئے جائیں گے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت اندراماں ہاوزنگ اسکیم میں ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی طبقات کو ترجیح دے رہی ہے۔ اسکیم کے تحت 22 ہزار کروڑ کے مصارف سے 4.5 لاکھ مکانات تعمیر کئے جائیں گے اور ہر اسمبلی حلقہ میں 3500 مکانات کی تعمیر ہوگی۔ زمین رکھنے والے غریب خاندانوں کو مکان کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے کی امداد کا منصوبہ ہے۔1
آوٹر رنگ روڈ پر سڑک حادثہ ‘ ٹکر سے سر تن سے جدا
شمس آباد ۔ 6 ۔ اگسٹ ( سیاست نیوز ) شمس آباد کے موضع تونڈپلی میں اوٹر رنگ روڈ پر خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا ۔ شمس آباد انسپکٹر نریندر ریڈی نے بتایا کہ ٹی انجیا 65 سالہ ساکن کوتول گوڑہ شمس آباد چار دن قبل اس کے بھائی کے مکان اونٹ پلی گیا اور کل رات پیدل چلتے ہوئے وہ کوتوال گوڑہ واپس ہورہا تھا کہ آوٹر رنگ روڈ پر ایک تیز رفتار کار نمبر TS07FL9546 نے ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں وہ برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ ٹی انجیا کا سرکار کے آئینہ میں پھنس جانے کی وجہ اس کا سر تن سے جدا ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی شمس آباد پولیس مقام واردات پہنچ گئی اور مقدمہ درج کرتے ہوئے کار ڈرائیور کو حراست میں لے لیا اور نعش کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کردیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا ۔