تغلق آباد : متاثرین کی بازآبادکاری کرنے کی ہدایت

   

نئی دہلی: تغلق آباد گاؤں کے مکینوں کے بچاؤ اور بازآبادکاری کیلئے آگے آتے ہوئے کجریوال حکومت نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی ہے کہ وہ جلد از جلد متاثرین کی بازآبادکاری کا مناسب منصوبہ تیار کریں۔ نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے چہارشنبہ کے روز چیف سکریٹری سے کہا کہ وہ متاثرین کی باز آبادکاری کیلئے زمین کی بشاندہی کریں۔انہوں نے متاثرین کی بازآبادکاری کا مناسب منصوبہ جلد از جلد تیار کر کے ایک ہفتے میں اس کی اسٹیٹس رپورٹ پیش کرنے کی متعلقہ افسران کو ہدایات دی ہیں۔ سسودیا نے کہا کہ مرکزی حکومت کے ادارے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کی طرف سے تغلق آباد گاؤں میں انہدام کی مجوزہ مہم اس علاقے میں طویل عرصے سے رہنے والے لوگوں کیلئے انتہائی ظالمانہ ثابت ہوگی اور اس کا بہت برا اثر پڑے گا۔ مقامی لوگ، خاص طور پر بوڑھے ، بچے ، خواتین اور معذور افراد پر اس کا بہت برا اثر پڑے گا۔ ایسے میں دہلی حکومت کا خیال ہے کہ مکینوں کی خاطرخواہ بازآبادکری کے بغیر کوئی انہدامی کارروائی نہیں ہونی چاہیے ۔ انھوں نے اس سلسلے میں چیف سکریٹری کو ہدایات دی ہیں کہ وہ زمین کی ملکیت رکھنے والی ایجنسی کے ساتھ تال میل کریں۔