حیدرآباد۔/3اپریل، ( سیاست نیوز) گرما کے آغاز کے ساتھ ہی تفریحی مقامات پر عوام کی تعداد میں اضافہ ہوچکا ہے۔ حیدرآباد کے اطراف مضافاتی علاقوں میں موجود فارم ہاوزس کی بکنگ تیزی سے جاری ہے اور خاندان کے تمام افراد ایک ہی مقام پر تفریح اور وقت گذاری کیلئے پہنچ رہے ہیں۔ تفریح کے دوران بعض مواقع پر غیرمتوقع حادثات خاندان کیلئے سانحہ کا سبب بن رہے ہیں۔ فارم ہاوز میں موجود سوئمنگ پول میں کمسن بچوں کے غرقاب ہونے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ اسی طرح مختلف تالابوں اور جھیلوں میں بھی تفریح کیلئے جانے والے لڑکے تیراکی کے دوران غرقاب ہوئے ہیں۔ اسی طرح کا ایک واقعہ جگتیال ضلع کے دھرما پوری میں پیش آیا۔ دھرما پوری کے ایک تالاب میں تفریح اور تیراکی کیلئے جانے والے 3 لڑکے اتوار کے دن غرقاب ہوگئے۔ مقامی افراد کی جانب سے بچاؤ کی کوشش ناکام ثابت ہوئی۔ فوت ہونے والوں کی 13 سالہ یشانت ، 12 سالہ شرت اور 15 سالہ نودیپ کی حیثیت سے شناخت کی گئی۔ پولیس نے نعشوں کو نکالنے کے بعد پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کردیا۔ پولیس نے عوام کو تفریحی مقامات خاص طور پر تالابوں اور جھیلوں کیلئے بچوں کو تنہا روانہ کرنے سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔ر