آن لائین حصول ٹکٹ کیلئے قبل از وقت اجازت لازمی ، سائبرآباد پولیس کمشنر کے احکام
حیدرآباد /6 نومبر ( سیاست نیوز ) سائبر آباد حدود میں تقاریب اور ایونٹس کیلئے نئی شرائط کو عائد کردیا گیا ہے ۔ اب آن لائین ٹکٹس کی فروخت کیلئے بھی ایونٹس منیجمنٹ اور آرگنائزرز کو قبل از وقت پولیس سے اجازت لینا لازمی ہوگا ۔ یہ بات کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے بتائی ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں آج یہاں سائبرآباد کمشنریٹ میں بڑے فنکشن ہالوں ، کنونشن سنٹروں اور ایونٹس و آرگنائزر کا ایک ا جلاس طلب کیا اور انہیں ضروری ہدایات جاری کی کلچرل ، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ کے پروگراموں کے انعقاد میں لاپرواہی اور بے راہ روی کی اکثر شکایتوں کی حصولی کے بعد پولیس نے اس طرح کا اقدام کیا اور آن لائین فروخت کی جانے والی ٹکٹس کیلئے بھی قبل از وقت اجازت کی شرط کو لازمی قرار دیا ۔ چونکہ اکثر مقامات پر جہاں پروگرامس منعقد کئے جاتے ہیں ان مقامات پرجگہ کی تنگی اور انتظامات کے سبب بے راہ روی بد نظمی اور غیر اخلاقی حرکتوں کے واقعات کی شکایت حاصل ہوئی ہے ۔ لہذا پولیس نے اسے واقعات کے تدارک کیلئے بالخصوص پارکنگ کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے آرگنائزر کو پابند کرنے کا فیصلہ کیا ۔ پولیس کے کلکٹرس کے علاوہ فائر اور ایکسائز محکمہ سے بھی اجازت حاصل کرنا ہوگی ۔ جس کے اطمینان کے بعد ہی انہیں کسی قسم کے پروگرام کو منعقد کرنے کا حق ہوگا ۔ سال کے اختتام اور سال نو تقاریب کے سلسلہ میں اس اجلاس کو اہمیت دی جاری ہے ۔ فنکشن ہال ، کنوینشن سنٹرز کے مالکین اور ذمہ داروں کو اپنا خود کا سیکوریٹی اسٹاف رکھنا ہوگا ۔ آن لائین ٹکٹس کی فروخت کیلئے پولیس کی اجازت کے ساتھ ساتھ ٹکٹس کو ضرورت سے زائد مقدار میں فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ جتنی جسامت اور مقدار ہوگی اس سے زیادہ کے داخلہ کو قبول نہیں کیا جائے گا ۔ کمشنرپولیس سائبرآباد مسٹر سجنار نے تمام مدعوین جن میں 23 بڑے ادارے شامل تھے ۔ انہیں پولیس قواعد سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ کسی بھی قسم کی لاپرواہی کو برداشت نہیں کیا جاسکتا جس سے کہ عوام کو مشکلات پیش آتی ہوں ۔