زکوٰۃ و صدقات کے ذریعہ ضرورت مندوں کی خدمت پر زور، عادل آباد چیریٹبل ٹرسٹ کی تقریب سے مفتی عبدالغنی قاسمی و دیگر کا خطاب
عادل آباد۔/2 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شادی بیاہ میں بے جا رسومات کو عمل میں لانے اور طعام پر زیادہ روپیہ صرف کرنے کو مسلمان اپنی شان کا مظاہرہ کرتے ہیں وہیں دوسری طرف کروڑوں روپیوں کے سرمایہ سے عالیشان مکانات کی تعمیر کو اپنی ضرورت تصور کررہے ہیں جس سے گریز کرنے کا مشورہ مفتی عبدالغنی قاسمی نے مستقر عادل آباد کے رائل فنکشن پلازہ میں عادل آباد چیریٹبل ٹرسٹ کی جانب سے منعقدہ تقریب کے دوران سامعین کو دیا۔مال کی زکوٰۃ نکالنے پر اللہ تعالیٰ نے دونوں جہاں میں کامیابی فرمائی ہے۔ بیماریوں پر ہزاروں روپئے خرچ کئے جاتے ہیں جبکہ بیماریوں کی شفاء صدقہ ادا کرنے میں اللہ تعالیٰ نے رکھی ہے۔ مفتی عبدالغنی قاسمی نے ملک کے حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک کے بیشتر مقامات پر مسلمانوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کا سلسلہ برقرارہے، ایسی صورت میں تمام مسلمانوں کو متحد ہوکر اپنی اپنی زکوٰۃ کی رقم متحدہ طور پر ضروت مندوں میں استعمال کرنے پر زور دیا۔ اس تقریب میں مولانا نے مسٹر یونس اکبانی کی خدمات کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے زکوٰۃ کا نظم اجتماعی بناکر چند دوست احباب کے تعاون سے ’’ عادل آباد چیریٹبل ٹرسٹ ‘‘ قائم کیا اور ضرورت مند خواتین کی تفصیلات درج کرتے ہوئے حقیقی ضرورت مند خواتین میں شناختی کارڈ جاری کئے گئے۔ قبل ازیں عادل آباد جمعیت علماء صدر حافظ ابوبکر زکوٰۃ نکالنے کی خواہش کی۔ مولانا تمیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ خدمت خلق کا کام اولیاء اور انبیاء کا قرار دیا۔ مسٹر ایم اے کلیم مسجد خضرا کمیٹی صدر نے متحدہ طور پر زکوٰۃ کا نظام چلانے کی ہر ایک سے خواہش کی۔ ابتدائی کلمات میں عادل آباد چیریٹبل ٹرسٹ چیرمین مسٹر یونس اکبانی نے کہا کہ ٹرسٹ کے ذریعہ 311 بیو گان کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں شناختی کارڈز دیئے گئے۔ مسٹر یونس اکبانی نے کہا کہ عادل آباد کے بیو گان کی لڑکیوں کی شادی کیلئے بھی تعاون ٹرسٹ کی جانب سے کیا جارہا ہے جبکہ ان بیوہ خواتین کو بچوں کی تعلیم کا مسئلہ ہے آٹھویں ، نویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد بیوہ کی لڑکیاں کتابیں ، کاپیاں وغیرہ نہ ہونے کے بناء پر تعلیم کو ترک کررہی ہیں ایسی صورت میں عادل آباد کے سرمایہ کاروں کو دلچسپی لیتے ہوئے بیوہ کے لڑکیوں کی تعلیم پر توجہ دینے کی خواہش کی۔ تقریب کی کارروائی مولانا اسلم نے چلائی۔ تلاوت کلام پاک مولانا حسین نے کی، نعت شریف حافظ فیصل نے پیش کی۔ مسٹر یونس اکبانی نے اس موقع پر ڈاکٹر سمیع کی اہلیہ جو کہ ڈاکٹر ہیں دواخانہ انجم میں 311 بیوگان کا مفت علاج کرنے سے اتفاق کیا اور مسٹر محمود نے عصری تعلیم دلانے کیلئے 15 عدد مشین بیوگان میں دینے سے اتفاق کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور مساجد میں مہینہ میں ایک مرتبہ ایک جمعہ کے دن اس موضوع پر بیان کرنے کے علاوہ مہینہ میں ایک مرتبہ جمعہ کے دن غریبوں کی مدد کی خاطر چندہ جمع کرتے ہوئے اپنے محلہ کے ضرورت مندوں کے استعمال میں لانے کی خواہش کی۔