تقررات میں تاخیر کیلئے مرکز کو ذمہ دار قرار دینا مضحکہ خیز: بنڈی سنجے

   

تقررات کیلئے فوری نوٹیفکیشن جاری کرنے بی جے پی کا مطالبہ
حیدرآباد۔/9 مارچ، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے چیف منسٹر کے سی آر کے اس بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا کہ مرکزی حکومت کے باعث تلنگانہ میں تقررات میں تاخیر ہوئی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ 2018 میں صدر جمہوریہ نے زونل سسٹم کو منظوری دے دی ہے۔ صدارتی حکمنامہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حکومت نے جی او 317 جاری کیا جس کے ذریعہ ملازمین اور ٹیچرس کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار برسوں تک تقررات میں تاخیر کرنے کے بعد مرکز کو ذمہ دار قراردینا مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 12 ہزار ودیا والینٹرس اور ضمانت روزگار اسکیم کے فیلڈ اسسٹنٹس کی خدمات کو برطرف کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹراکٹ ملازمین کو باقاعدہ بنانے کا اعلان کرنے والے چیف منسٹر کو برطرف شدہ ملازمین پر توجہ دینی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پے ریویژن کمیشن نے ریاست میں1.91 لاکھ مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کی تھی لیکن کے سی آر نے صرف 80 ہزار جائیدادوں کا ذکر کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کردہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے نوٹیفکیشن کی فوری اجرائی کا مطالبہ کیا۔ر