تقررات میں مقامی امیدواروں کو 95 فیصد نشستوں کیخلاف درخواست

   

27 ڈسمبر تک جواب داخل کرنے تلنگانہ حکومت کو سپریم کورٹ کی ہدایت
حیدرآباد۔/10 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سپریم کورٹ نے سرکاری محکمہ جات میں تقررات سے متعلق جی او 46 کے خلاف دائر کی گئی اسپیشل لیو پٹیشن کو سماعت کیلئے قبول کرلیا ہے۔ عدالت نے تلنگانہ حکومت کو ہدایت دی ہے کہ 27 ڈسمبر کو آئندہ سماعت سے قبل موقف کی وضاحت کرتے ہوئے حلفنامہ داخل کیا جائے۔ جی او 46 پر عمل آوری سے متاثر ہونے والے امیدواروں نے درخواست دائر کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے عبوری راحت کی درخواست کی۔ وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے اپریل 2022 میں جی او 46 جاری کیا تھا جس کے تحت تقررات میں مقامی امیدواروں کیلئے 95 فیصد نشستیں مختص کی گئی تھیں۔ درخواست گذاروں کا کہنا ہے کہ مذکورہ احکامات کے نتیجہ میں امیدواروں کے ساتھ ناانصافی کا اندیشہ ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ نلگنڈہ ضلع سے مسابقتی امتحانات میں امتیازی نشانات حاصل کرنے کے باوجود امیدوار کو حیدرآباد میں ملازمت کے حصول میں ناکامی ہوئی ہے۔ شہر سے تعلق رکھنے والے امیدوار کم نشانات کے باوجود ملازمت حاصل کرسکتے ہیں۔ صدارتی حکمنامہ کے تحت جو زونل سسٹم متعارف کیا گیا اس کے تحت جی او 46 جاری کیا گیا۔ سپریم کورٹ نے تلنگانہ حکومت سے اس مسئلہ پر وضاحت طلب کی ہے۔1