حیدرآباد۔/23 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ نوا نرمان ودیارتھی سینا کی جانب سے آج عثمانیہ یونیورسٹی میں احتجاج منظم کرتے ہوئے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ تنظیم کے صدر ٹی شیوا پرساد نے حکومت سے نوٹیفکیشن کی اجرائی کی مانگ کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بے روزگار نوجوان گزشتہ آٹھ برسوں سے روزگار کے انتظار میں ہیں۔ حکومت کے وعدہ کی عدم تکمیل کے سبب کئی نوجوانوں نے خودکشی کرلی تاکہ اپنے خاندانوں پر بوجھ بن کر نہ رہیں۔ کے سی آر حکومت نے نوجوانوں کی خودکشی پر کوئی توجہ نہیں دی ہے۔ شیوا پرساد نے کہا کہ بے روزگاری تلنگانہ کا سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ چیف منسٹر نے ہر ماہ بے روزگاری الاؤنس کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک احکامات جاری نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بے روزگار نوجوانوں نے باقاعدہ مہم کا آغاز کیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں ٹوئٹر کے ذریعہ حکومت کو بیدار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ حکومت کو مطالبات پر مبنی پوسٹرس روانہ کئے جائیں گے۔ر
شیوا پرساد نے کہا کہ آنے والے دنوں میں احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی۔ر