تقررات کے نگران ادارہ میں تقرر کی خواہش

   

پبلک سروس کمیشن کے عہدوں کیلئے 600 درخواستیں
حیدرآباد۔19جنوری(سیاست نیوز) ریاست میں تقررات کی نگرانی کرنے والے ادارہ میں تقرر کیلئے بھی سینکڑوں درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کے صدرنشین اور اراکین کے عہدوں پر تقررات کیلئے حکومت سے پہلی مرتبہ جاری اعلامیہ کے جواب میں جملہ 600 درخواستیں ملنے کی اطلاع ہے۔ حکومت نے تلنگانہ پبلک سروس کمیشن میں صدرنشین اور اراکین کے تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا تھا اور درخواستیں طلب کی گئی تھیں ۔ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ پر انکشاف ہوا کہ ان عہدوں کیلئے جملہ 600 درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور ان میں برسرخدمت آئی اے ایس ‘ آئی پی ایس کے علاوہ مؤظف عہدیداروں کی درخواستیں بھی شامل ہیں اس کے علاوہ ریاست کی مختلف جامعات میں برسر خدمت پروفیسرس و سرکردہ ماہرین تعلیم نے بھی درخواستیں داخل کی ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اقتدار حاصل کرنے کے ساتھ ہی اعلان کیا تھا کہ حکومت پبلک سروس کمیشن کی کارکردگی کو شفاف بنانے ادارہ کو یونین پبلک سروس کمیشن کے رہنمایانہ خطوط پر ترقی دیگی ۔ چیف منسٹر کے اعلان اور صدرنشین یو پی ایس سی سے ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ کے متعلق کہا جار ہا ہے کہ ادارہ کی شفافیت میں اضافہ اور اراکین و صدرنشین کے انتخاب کے طریقہ کار کیلئے درخواستیں طلب کرنے پر اتنی تعداد میں درخواستیں ملی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ جی اے ڈی سے ان تمام درخواستوں کی تنقیح کے بعد درخواستگذاروں کی تفصیل و فہرست کی تیاری کرکے حکومت کو پیش کی جائیں گی تاکہ حکومت اس سلسلہ میں فیصلہ کرسکے۔3