لکھنؤ: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کو ریونیو سروس کے نومنتخب افسران کو تقرری نامہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت روزگار فراہمی کے ضمن میں ہر ممکن کوشش کررہی ہے ۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ نہ صرف تقرری کے عمل بلکہ پرموشن میں بھی تیز ی آئی ہے ۔یوگی نے کہا کہ ابھی 297تحصیلداروں کو ایس ڈی ام کے طور پر پروموٹ کیا گیا ہے ۔ جبکہ نائب تحصیلداروں کو تحصیل دار کی شکل میں پرموشن دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تقرری عمل میں 556جونیئر اسسٹنٹ کی تقرری کی گئی ہے اور آٹھ ہزار سے زیادہ لیکھ پالوں کی تقرری کا آغاز کیا گیا ہے ۔اس موقع پر 57نائب تحصیلداروں کو تقرری نامہ دیا گیا۔ اس کے علاوہ 141لکچرار اور 69اسسٹنٹ ٹیچروں کو بھی تقرری نامہ دیا گیا۔ انہوں نے نومنتخب افسران کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اس سے محکمہ ریونیو کے کاموں میں تیزی آئے گی۔
