تقریباً 1.5 لاکھ عازمین حج کی مدینہ منورہ آمد

,

   

50 ہزار عازمین مکہ کیلئے روانہ ہوگئے، سلطنت کی جانب سے گرمجوشانہ استقبال

ریاض : مختلف اقوام سے تعلق رکھنے والے جملہ 147,094 عازمین حج گذشتہ روز تک مدینہ منورہ پہنچ گئے۔ یہ عازمین فضائی سفر اور بندرگاہوں کے ذریعہ ادائیگی حج کیلئے پہنچے ہیں۔ وزارت حج و عمرہ کے مطابق 136,007 عازمین مدینہ منورہ کو پہلی حج فلائیٹ کے بعد سے پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچ چکے ہیں۔ زمینی راستہ سے 11,087 عازمین کی آمد ہوئی ہے۔ وزارت کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق انڈونیشیا سے 26,304، ہندوستان سے 21,790، پاکستان سے 9,383، بنگلہ دیش سے 8,680 اور ایران سے 6,326 عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سلطنت پہنچے ہیں۔ مدینہ منورہ سے جملہ 49,388 عازمین مکہ مکرمہ کیلئے روانہ ہوگئے۔ اس طرح مدینہ منورہ میں 97,690 عازمین باقی ہیں۔ فضائی اور زمینی راستوں سے آنے والے عازمین کے گرمجوشانہ استقبال اور ان کو تمام ضروری سہولتیں بہم پہنچانے کیلئے حرمین شریفین کے حکام چوبیسو گھنٹے مصروف ہیں۔ مختلف ممالک کے عازمین نے سعودی حکام کی طرف سے انتظامات کی ستائش کی ہے۔ حرمین شریفین میں عازمین کے امیگریشن کو بھی سہل بنایا جارہا ہے۔