24 اپریل کو دہلی میں انعقاد ۔ آندھرا بھون جائیداد کی تقسیم پر مشاورت
حیدرآباد۔18اپریل(سیاست نیوز) تقسیم آندھراپردیش کے امور کو حل کرنے منعقد کئے جانے والے اجلاسوں کا دوبارہ آغاز متوقع ہے اور کہا جا رہاہے کہ 24 اپریل کو مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے دہلی میں آندھراپردیش اور تلنگانہ کے عہدیداروں کا اجلاس ہوگا۔ بتایاجاتا ہے کہ اجلاس میں آندھرابھون کی جائیداد کی تقسیم کے معاملہ کو قطعیت دی جاسکتی ہے ۔ تقسیم ریاست کے اصولوں کے مطابق اگر تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان اس جائیدادوں کو آبادی کے تناسب کے اعتبار سے تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو تلنگانہ کو اس جائیداد میں 8.41 ایکڑ اراضی حاصل ہوگی جبکہ آندھراپردیش کو 11.32 ایکڑ اراضی ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت آندھرا پردیش نے جو تجویز پیش کی ہے اس کے مطابق وہ چاہتی ہے کہ آبادی کے اعتبار سے اس جائیداد کو تقسیم کیا جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس اجلاس کی صدارت جوائنٹ سیکریٹری مرکزی وزارت داخلہ کریں گے ۔ وزارت داخلہ کے مطابق دونوں ریاستوں کے درمیان 68 ادارۂ جات کی تقسیم میں اتفاق رائے ہوچکا ہے اور دونوں ریاستوں کے عہدیدار و حکومتوں کے درمیان مختلف امور اور مسائل کو نظر میں رکھتے ہوئے اپنے طور پر انہیں حل کرنے اور اثاثہ جات کی تقسیم کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اسی لئے 24 اپریل کو اجلاس میں بھی توقع ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ حکام کی موجودگی میں دونوں ریاستوں کے نمائندوں کی جانب سے دہلی میں موجود آندھرابھون کی جائیداد کی تقسیم کے معاملہ کو بھی قطعیت دی جائے گی۔اس معاملہ کو حل کئے جانے بعد دیگر امور کے حل کیلئے اجلاسوں کے انعقاد کا سلسلہ شروع کئے جانے کا امکان ہے۔م