حیدرآباد 9 اپریل (سیاست نیوز) سکندرآباد کے ٹی آر ایس امیدوار تلاسانی سائی کرن کی کامیابی کو یقینی بنانے جہاں ٹی آر ایس کارکنوں میں جوش و خروش پایا جاتا ہے وہیں ان کے ارکان خاندان بھی سرگرم دکھائی دیتے ہیں۔ کل محمود فنکشن ہال یوسف گوڑہ میں مقامی لیڈر نوین یادو نے ایک عظیم الشان پبلک میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا جس میں دس ہزار سے زائد مرد و خواتین نے شرکت کی۔ اس موقع پر نوین یادو نے اپنے برادر نسبتی تلاسانی سائی کرن کو کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی اور کہاکہ تلاسانی سائی کرن ان ہی کی طرح سیکولر ہیں اور عوامی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔ وہ بلالحاظ مذہب و ملت رنگ و نسل عوام کے تمام طبقات میں مقبول ہیں۔ نوین یادو نے جن کا جوبلی ہلز میں اچھا اثر ہے، بتایا کہ جوبلی ہلز یوسف گوڑہ ڈیویژن اور دوسرے علاقوں میں پدیاترا کرکے انھوں نے عوام سے ادباً درخواست کی ہے کہ وہ ایک تعلیم یافتہ نوجوان کو منتخب کریں اور اپنے علاقہ کی ترقی کو یقینی بنائیں۔