کابینی اجلاس میں غور کا امکان، سیول سوسائٹی کے نمائندوں کی چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد سرگرمیاں تیز
حیدرآباد۔/30 اپریل ، ( سیاست نیوز) چھتیس گڑھ میں ماویسٹوں کے خلاف پولیس اور سیکوریٹی فورسیس کی تلاشی مہم کو روکنے اور ماویسٹوں سے بات چیت کے سلسلہ میں مرکز پر دباؤ بنانے کیلئے تلنگانہ حکومت مرکز سے مطالبہ کرسکتی ہے۔ سیول سوسائٹی کے نمائندوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے مرکز پر ماویسٹوں سے مذاکرات کیلئے اثر و رسوخ استعمال کرنے کی درخواست کی ہے۔ پیس ٹالک کمیٹی کے کنوینر جسٹس چندر کمار اور دوسروں نے چیف منسٹر کو چھتیس گڑھ میں سیکوریٹی فورسیس کی کارروائیوں کے نتیجہ میں قبائیل کی بڑے پیمانے پر ہلاکتوں سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے تیقن دیا کہ وہ اس سلسلہ میں پارٹی ہائی کمان سے مشاورت کریں گے جس کے بعد حکومت کی سطح پر کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ چھتیس گڑھ میں آپریشن ’ کگار‘ کے نام سے سیکوریٹی فورسیس ماویسٹوں کے ٹھکانوں کی بڑے پیمانے پر تلاش کررہی ہیں۔ ماویسٹوں نے مرکزی حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے جنگ بندی اور مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے 2026 تک ملک میں ماویسٹوں کے صفائے کا منصوبہ بنایا ہے۔ سیول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقات کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزراء اور عہدیداروں سے ماویسٹ مسئلہ کا جائزہ لیا۔ حکومت کا ماننا ہے کہ صرف لاء اینڈ آرڈر مسئلہ تصور کرنے کے بجائے اسے سماجی مسئلہ تصور کیا جائے تاکہ کوئی حل تلاش کیا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے مدھیہ پردیش کے سابق چیف منسٹر ڈگ وجئے سنگھ سے فون پر بات چیت کی اور ماویسٹ مسئلہ کے سلسلہ میں تجاویز طلب کی۔ مدھیہ پردیش میں چیف منسٹر کی حیثیت سے ڈگ وجئے سنگھ نے ماویسٹ مسئلہ سے نمٹنے کیلئے کئی اقدامات کئے تھے۔ ذرائع کے مطابق ریاستی کابینہ کے اجلاس میں چھتیس گڑھ میں تلاشی مہم کا جائزہ لیا جائے گا اور ’کگار‘ مہم کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کوئی موقف اختیار کرے گی۔ سیکوریٹی فورسیس مہاراشٹرا اور تلنگانہ کے سرحدی علاقوں میں تلاشی مہم کے ذریعہ ماویسٹوں کے ٹھکانوں کو ختم کررہی ہے۔ کابینی اجلاس کے بعد حکومت کی جانب سے مرکز کو مکتوب روانہ کیا جائے گا۔ اسی دوران وزیر پنچایت راج ڈی انوسیا سیتکا نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ چھتیس گڑھ میں ماویسٹوں کے خلاف مہم کو فوری روک دیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ ماویسٹوں کے نام پر قبائیلی افراد کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔1