تلاوتِ قرآن روح کی غذا و قلبی سکون کا ذریعہ

   

مدرسہ دینیہ عربیہ بچکنڈہ میں دستاربندی حفاظ ، علماء کا خطاب
بچکنڈہ ۔27 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مدرسہ دینیہ عربیہ دارالعلوم بچکنڈہ میں تہنیتی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا ، امسال 8 طلبہ نے تکمیل حفظ قرآن کی سعادت حاصل کی ، واضح رہے کہ مدرسہ قائم ہوئے 11 سال کا عرصہ گزرچکا ہے جس میں ابھی تک 32 طلبہ نے تکمیل حفظ مکمل کیا ہے ، یہ بات مولانا محمد رضوان القاسمی ناظم مدرسہ نے بتائی ۔ تہنیتی تقریب کے پروگرام میں ضلع نظام آباد کے علمائے کرام نے شرکت کی ۔ مفتی مبین قاسمی ، مفتی ماجد قاسمی، مولانا ارشد علی قاسمی ، مولانا عظمت سعید ، مولانا عبدالقدیر حسامی تمیم نظام آبادی ، حافظ لئیق خان صدر جمعیت العلماء نظام آبادی نے شرکت کی ۔ صدارت مولانا عبدالقیوم شاکر قاسمی نظام آباد نے کی ۔ پروگرام کا آغاز حافظ عثمان کی قرأت کلام پاک سے ہوا ۔ نعت پاک عبدالصمد نے پڑھی ۔ نظامت کے فرائض مولانا محمد رضوان القاسمی نے انجام دیئے ۔ اس موقع پر حافظ لئیق خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حافظ قرآن کا رُتبہ دنیا و آخرت میں عظیم ہے۔ قرآن سے ہر ایک انسان کو وابستگی ہونا چاہئے ۔ دنیا میں مقدس بابرکت کتاب قرآن مجید ہے ۔ مولانا عبدالقیوم شاکر قاسمی نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کی تلاوت روح کی غذا ہے ، اس سے روح کو قلبی سکون میسر ہوتا ہے ۔ انھوں نے طلبہ فارغین کو قرآن کا آخری ایک رکوع پڑھاکر دستارِ فضیلت سے نوازا اور دعا پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر حافظ محمد غوث صدر جمعیت العلماء بچکنڈہ ، مولانا محبوب قاسمی ، مولانا ربانی قاسمی ، مفتی محبوب قاسمی ، ڈاکٹر ناصر خان ، شیخ جلال کے علاوہ طلبہ والدین عوام نے شرکت کی ۔