کورٹلہ ۔18 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محمد عبدالحئی شعیب لطیفی سابق ناظم جماعت اسلامی کریم نگر نے جماعت اسلامی ہند شاخ کورٹلہ کے زیراہتمام مسجد عیدگاہ کورٹلہ میں منعقدہ جلسہ یوم قرآن کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اﷲ تعالیٰ قرآن کے ذریعہ بہت سے لوگوں کو عروج عطا کرتا ہے اور بعض لوگوں کو ذلیل کردیتا ہے ۔ جو لوگ قرآن کے احکامات پر عمل پیرا ہوتے ہیں اور اس کے احکامات کو زمین پر نافذ کرنے کی جدوجہد کرتے ہیں اﷲ تعالیٰ اُن کو عروج عطاء کرتا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ قرآن کی تلاوت انسانی قلوب کو نرم کردیتی ہے ۔ انھوں نے حضرت عمر رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کے اسلام میں داخل ہونے کے واقعہ کا ذکر کیا ۔ انھوں نے کہا کہ ہم کو قرآن سوچ سمجھ کر پڑھنا چاہئے ، یہ ہمارے لئے دستورِ حیات اور انسانیت کے لئے ہدایت کاسرچشمہ ہے ۔ قران کی تعلیمات کو آج ہم کو عام کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس کتاب کی نہ صرف تلاوت کی جائے بلکہ اس کتاب کی تعلیمات پر عمل کیا جائے کیونکہ یہ کتاب انسانیت کے لئے ہدایت کا سرچشمہ ہے ۔ شعیب لطیفی نے کہا کہ وہ قرآن کی محفلیں سجائیں ، اﷲ تعالیٰ ہم سے قرآن میں کیا مطالبہ کرتا ہے اس کو سمجھیں اور عملی جامہ پہنانے کی کوشش کریں۔ انھوں نے کہا کہ رمضان المبارک کو جو فضیلت اور اہمیت ملی ہے وہ اس کی وجہ نزول قران ہی ہے اس وجہ سے اس ماہ میں جو بھی عبادت کی جاتی ہے اس کا 70 گنا اجر بڑھادیا جاتا ہے اور اﷲ تعالیٰ فرماتا ہے کہ روزہ مسلمان میرے لئے رکھتا ہے اور میں ہی اُس کا اجر دینے والا ہوں ۔