تلاوت کلام پاک کے ساتھ نیوزی لینڈ پارلیمنٹ سیشن کا آغاز

   

ویلنگٹن ،19مارچ(سیاست ڈاٹ کام)نیوزی لینڈ پارلیمنٹ کا اجلاس کرائسٹ چرچ دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ وزیراعظم جیسنڈا آرڈن نے اپنے خطاب کی ابتدا بھی ‘السلام علیکم’ کہہ کر کی۔سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ کے پارلیمنٹ کے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈن نے اپنی تقریر کا آغاز السلام علیکم سے کرتے ہوئے سانحہ کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ کرائسٹ چرچ مساجد میں موجود مسلمانوں کودہشت گرد سے بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کرکے جرات اور بہادری کی مثال بننے والے شہید پاکستانی نعیم راشد کو وزیراعظم نیوزی لینڈ نے خراج عقیدت پیش کیا جب کہ اپوزیشن اور حکومتی اراکین نے متاثرین کے سوگ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی۔وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈن نے پارلیمنٹ کے خصوصی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حملہ کرنے والے شخص کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی، انہوںنے مزیدکہا کہ حملہ آوردہشت گرد، مجرم اورانتہا پسند ہے اور آپ مجھے اس کا نام لیتے ہوئے نہیں سنیں گے ۔انہوںنے یہ بھی کہا کہ مرنے والوں کے لواحقین ان کے جنازے جہاں بھی لے جانا چاہیں اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم دہشت گردانہ حملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کریں گے ۔ اس دوران ملک میں ہائی الرٹ برقرار ہے ۔واضح رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دومسجدوں میں ایک سفید فام دہشت گرد نے نماز جمعہ کے دوران فائرنگ کرکے 50 مسلمانوں کو شہید کردیاتھا۔