حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : موسم گرما میں پانی کی شدید قلت کو دیکھتے ہوئے عوام ٹینکرس کے ذریعہ پانی حاصل کررہے ہیں تو دوسری جانب خانگی ٹینکرس کے مالکان دن میں ہی مختلف مقامات جیسے تلاپور ، عثمان نگر ، تارناکہ ، دتھو نگر و دیگر مقامات سے زیر زمین پانی کی چوری کرتے ہوئے شہریوں کو فروخت کررہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں محکمہ کو کئی مرتبہ یادداشت دینے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔ جس سے ان کے حوصلہ مزید بلند ہوگئے ہیں ۔ بالا پور کے قریب واقع سائی گنیش نگر کالونی میں رہائشیوں نے شکایت کی کہ خانگی ٹینکرس صبح کی اولین ساعتوں میں آکر پانی کی چوری کررہے ہیں ۔ مقامی افراد نے بتایا کہ روزانہ کئی ٹینکرس آتے ہیں اور پانی کی چوری کرتے ہوئے شہریوں کو فروخت کررہے ہیں ۔ محکمہ میں شکایت کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کرنا اب تک سمجھ میں نہیں آیا ۔ محکمہ کی خاموشی پر سوالیہ نشان بنا ہوا ہے ۔ پانی کو مسلسل ٹینکرس میں بھرنے سے اطراف کے علاقوں میں پانی کی سطح میں مسلسل کمی ہورہی ہے اور یہ سلسلہ ایسا ہی چلتا رہا تو پانی کے بور مکمل خشک ہوجائیں گے ۔ مسلسل ٹینکرس کی آمد و رفت سے سی سی روڈس میں دراڑ آرہی ہے ۔ مقامی افراد نے جی ایچ ایم سی سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں ٹینکرس کے خلاف سخت کارروائی کریں ۔۔ ش