تلبیہ کی گونج میں مناسک حج کا آغاز، آج وقوفِ عرفات‘ روح پرور مناظر

,

   

خانۂ کعبہ کے طواف کے بعد 10 لاکھ فرزندانِ توحید منیٰ کیلئے روانہ‘ حج2022ء کیلئے سعودی حکومت کے مؤثر انتظامات

مکہ مکرمہ : تلبیہ کی گونج میں مناسک حج 2022کا آغاز ہوگیا۔ دس لاکھ فرزندان توحیدخانہ کعبہ کے طواف کیلئے بعد آج منیٰ کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔ سعودی حکومت کی جانب سے حج2022کیلئے موثر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ دنیا بھر سے آئے ہوئے دس لاکھ مسلمانوں نے آج مناسک کا آغاز کر دیا ہے۔عرب نیوز کے مطابق لاکھوں عازمین نے مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کا طواف کیا اور بیشتر نے سورج کی تپش سے بچنے کے لیے چھاتے تھام رکھے تھے۔آج (جمرات کو) کو عازمین منیٰ میں واقع خیموں کے شہر کا رخ کر رہے ہیںجو مسجد الحرام سے لگ بھگ پانچ کلومیٹر فاصلے پر جبل عرفات کے سامنے واقع ہے۔یہ وہ مقام ہے جہاں پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم نے آخری خطبہ دیا تھا۔منیٰ کے خیمے فائر پروف مواد سے تیار کردہ ہیں۔ یہ اے سی کے جدید ترین سسٹم سے آراستہ ہیں۔ حج 1443ھ کے لیے آج 8 ذی الحجہ 1443ھ مطابق 7 جولائی 2022 کو زائرین منی پہنچے ہیں جہاں وہ ظہر، عصر، مغرب اور عشا کی نمازیں ادا کریں گے۔ حجاج کرام 9 ذی الحجہ کو فجر ادا کرکے میدان عرفات کے لیے روانہ ہوں گے۔ وہاں وہ حج کا رکن اعظم وقوف ادا کریں گے۔ حاجی حضرات 10، 11، 12 اور 13 ذی الحجہ کو بھی منی میں رہیں گے۔ بیشتر حاجی 12 ذی الحجہ کو منیٰ سے نکل جائیں گے۔ ایک تہائی کے لگ بھگ باقی ماندہ حاجی 13 ذی الحجہ کو منی سے رخصت ہوں گے۔ سعودی عرب کی حکومت عازمین حج کی صحت اور سکیورٹی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کر رہی ہے۔ عازمین کی سہولت کے لیے میں سعودی عرب کی وزارت صحت نے مکہ اور مدینہ میں 23 دواخانے اور 147 طبی مراکز قائم کیے ہیں۔علاوہ ازیں منیٰ میں بھی 26 طبی مراکز خدمات کے لیے تیار ہیں جہاں انتہائی نگہداشت کے لیے 100 بستر جبکہ ہیٹ ویو سے متاثر ہونے والوں کے لیے 200 بستر موجود ہیں جبکہ حجاج کی دیکھ بھال کے لیے وہاں طبی عملے کے 25 ہزار افراد موجود ہیں۔سعودی ریلوے لائن کمپنی ’سار‘ نے کہا ہے کہ حج 1443ھ کے لیے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حاجیوں کی آمدورفت کے لیے ٹرین انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ تجرباتی طور پر ٹرین منیٰ سے مزدلفہ اور عرفات اور وہاں سے منیٰ کا سفر کیا گیا۔ ان مقامات پر ٹرین کے 9 اسٹیشن ہیں۔ تین عرفات، تین مزدلفہ اور تین منیٰ میں ہیں۔ آخری اسٹیشن جمرات پل کی چوتھی منزل پر ہے۔ حرمین شریفین کی انتظامیہ نے حج پر آنے والوں کی خاطر مسجد الحرام اور اس کے صحنوں کی آب وہوا خوشگوار بنانے کے لیے 250 بہت بڑے پھوار والے پنکھے نصب کردیے ہیں۔ ان سے پانی کی پھوار چھوڑی جاتی ہیتاکہ گرمی کی شدت کم ہو۔ پھوار چھوڑنے والے بہت بڑے پنکھوں کی مدد سے حرم شریف اور اس کے صحنوں کا درجہ حرارت کم ہوجاتا ہے جبکہ سورج کی تپش کم ہوجاتی ہے۔حج و عمرہ قومی کمیٹی کے رکن ھانی العمیری نے کہا ہے کہ اس سال منٰی، مزدلفہ اور عرفات میں اندرون مملکت سے حج کرنے والے سعودیوں اور مقیم غیرملکیوں کے خیموں کی نگرانی کے لیے پانچ ہزار سیکیورٹی گارڈز تعینات کئے گئے ہیں۔ ان میں خواتین بھی شامل ہیں۔ العمیری نے بتایا کہ اندرون مملکت سے حج کرانے والے معلمین نے سیکیورٹی گارڈز کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔ یہ کمپنیاں داخلی معلمین کو منی کے خیموں، منی ٹاورز، عرفات کے خیموں اور مزدلفہ میں حاجیوں کی موجودگی کے دوران رات کے وقت ان کی رہائش کی نگرانی کے لیے سیکیورٹی گارڈز فراہم کریں گی۔ مسجد الحرام میں ’روبوٹ گائیڈ‘، اردو سمیت گیارہ زبانوں میں سوالات کے جواب دئے جائیں گے ۔سعودی عرب میں حرمین شریفین کی انتظامیہ نے مسجد الحرام میں عازمین حج کو مذہبی استفسارات کا جواب دینے کے لیے ’روبوٹ گائیڈ‘ متعارف کرایا ہے۔ انتظامیہ مصنوعی ذہانت سے استفادے کی حکمت عملی اپنائے ہوئے ہے۔ میڈیا کے مطابق روبوٹ گائیڈ زائرین کو حج اورعمرے کے طریقے سے آگاہ کرے گا۔ علاوہ ازیں گیارہ زبانوں میں استفسارات اور جوابات کا فوری ترجمہ بھی فراہم کرے گا۔