تلسنکرات تہوار، آندھرائی عوام کی آبائی مقامات کو روانگی

   

شہر کے بعض علاقوں کی سڑکیں سنسان، حیدرآباد ۔ وجئے واڑہ شاہراہ پر ٹریفک جام
حیدرآباد۔13جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں مقیم آندھرائی عوام کی تلسنکرانت کے موقع پر اپنے آبائی مقامات کو روانگی کا سلسلہ جاری ہے اور اِس وجہ سے شہر کے بعض علاقوں میں سڑکیں سنسان نظر آنے لگی ہیں جبکہ حیدرآباد ۔ وجئے واڑہ شاہراہ پر اب بھی ٹریفک جام کا سلسلہ جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کو تعطیلات کے بعد سے ہی آبائی مقامات کو روانگی کا سلسلہ شروع ہوچکا تھا لیکن اب جبکہ آئندہ 2 یوم تعطیلات ہیں تو ایسی صورت میں سرکاری ملازمین بھی اپنے آبائی مقامات کے لئے روانہ ہونے لگے ہیں۔ ٹول پلازہ پر ٹول کی ادائیگی کے لئے ہونے والی تاخیر کے نتیجہ میں جام ہونے والی ٹریفک کے متعلق عہدیداروں کا کہنا ہے کہ متبادل راستوں کی نشاندہی کے باوجود بھی شاہراہ پر ٹریفک جام کے مسئلہ کو حل کرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیونکہ سینکڑوں گاڑیاں بیک وقت شاہراہوں سے گزرنے لگی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد ۔ وجئے واڑہ شاہراہ کے علاوہ حیدرآباد ۔ کرنول شاہراہ پر بھی مسلسل ٹریفک جام کے نتیجہ میں تعطیلات گزارنے کے لئے پہنچنے والوں کو طویل انتظار کرنا پڑرہا ہے۔ ذرائع کے مطابق جاریہ سال تلسنکرانت منانے کے لئے آندھراپردیش روانہ ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کے نتیجہ میں یہ صورتحال پیدا ہونے لگی ہے۔3

آندھرا پردیش حکومت کا سنکرانتی تحفہ
ملازمین کیلئے ڈی اے اور بقایہ جات کی منظوری
حیدرآباد 13جنوری (یواین آئی) سنکرانتی تہوار کے موقع پر آندھرا پردیش حکومت نے ریاست کے عوام، سرکاری ملازمین اور تاجروں کے لئے کئی اہم فیصلے کئے ہیں۔ حکومت نے ملازمین کے دیرینہ مطالبات کو پورا کرتے ہوئے ڈی اے، ڈی آر اور بقایہ جات کی ادائیگی کے لئے 2,653 کروڑ روپئے کے فنڈس کو ہری جھنڈی دکھا دی ہے۔ اس فیصلہ سے ریاست کے تقریباً 2.25 لاکھ ملازمین اور2.70 لاکھ وظیفہ یاب براہ راست مستفید ہوں گے ۔ پولیس کے 55 ہزار ملازمین کے لئے ’سرنڈر لیو‘ کی ادائیگیوں کو بھی منظوری دی گئی ہے جس سے مجموعی طور پر تقریباً5.70 لاکھ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام رقومات جلد ہی متعلقہ افراد کے بینک کھاتوں میں منتقل کردی جائیں گی۔ مالیاتی فوائد کے ساتھ ساتھ حکومت نے ’نیرو۔چیٹو‘ اسکیم کے تحت کام کرنے والے کنٹریکٹرس کے لئے بھی 40 کروڑ روپے جاری کئے ہیں جس سے19 ہزار کنٹراکٹرس کو بڑی راحت ملی ہے ۔ عوامی فلاح و بہبود کے میدان میں ایک اور بڑا قدم اُٹھاتے ہوئے حکومت نے سنکرانتی کے موقع پر دیہی علاقوں اور منڈل ہیڈکوارٹرس میں نئی انا کینٹینس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام سے اب دیہی عوام کو بھی محض5 روپے میں ناشتہ اور کھانا میسر ہوسکے گا۔ ان اعلانات نے ریاست میں سنکرانتی تہوار کی خوشیوں کو ملازمین اور عام شہریوں کے لئے دوبالا کردیا ہے ۔